مرکزی حکومت کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت، سیاسی حلقوں میں مفاہمت کی قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو 5 ڈسمبر کو نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں طلب کردہ سیاسی پارٹیوں کے صدور کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اجلاس میں شرکت کیلئے چندرا بابو نائیڈو کو دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور پرہلاد جوشی نے فون کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔حال ہی میں منعقدہ G-20 اجلاس میں ہندوستان نے صدارت کی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی G-20 اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور ہندوستان کی کامیاب مساعی کی تفصیلات سے ملک کی سیاسی پارٹیوں کے صدور کو واقف کرائیں گے۔ راشٹر پتی بھون میں 5 ڈسمبر کو شام 5 بجے یہ اجلاس منعقد ہوگا۔ مرکز کی دعوت پر چندرا بابو نائیڈو نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی شرکت سیاسی اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے۔ حال ہی میں آزادی کا امرت مہاتسو تقاریب میں مرکزی حکومت نے چندرا بابو نائیڈو کو مدعو کیا تھا۔ اس اجلاس میں نریندر مودی اور چندرا بابو نائیڈو نے 5 منٹ تک علحدگی میں بات چیت کی تھی۔ 2019 اسمبلی انتخابات کے بعد وزیر اعظم سے چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات پر سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم اور بی جے پی میں انتخابی مفاہمت ہوسکتی ہے۔ر