تلگو دیشم اور وائی ایس آر کارکنوں میں جھڑپ، پولیس کو نائیڈو کی دھمکی
حیدرآباد ۔18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کرنول کے موقع پر آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے نائیڈو کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے قافلہ کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ تین علحدہ دارالحکومتوں کا مطالبہ کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کارکنوں نے چندرا بابو نائیڈو کے قافلہ کے روبرو مظاہرہ کیا اور گو بیاک کے نعرے لگائے۔ تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی اور تلگو دیشم کارکنوں نے جگن موہن ریڈی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ دونوں کارکنوں کے ٹکراؤ کے دوران پولیس نے مداخلت کی کوشش کی ۔ سی ایم ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگاتے ہوئے تلگو دیشم کارکنوں نے احتجاجیوں پر حملہ کی کوشش کی۔ اس موقع پر چندرا بابو نائیڈو وہاں پہنچ گئے اور صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ پولیس کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس کارکنوں کو گرفتار نہ کئے جانے پر چندرا بابو نائیڈو پولیس پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جگن رائلسیما کے دھوکہ باز ہیں۔ پولیس میں ہمت ہو تو وہ یونیفارم اتارکر آئیں اور اگر پولیس سے ممکن نہیں تو ہم خود اپنی حفاظت کرلیں گے۔ چندرا بابو نائیڈو نے سوال کیا کہ ایس پی کیا کر رہے ہیں اور وہ کس کی حفاظت پر متعین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پے ٹی ایم بیاچ کو بریانی کا پیاکٹ دے کر ہنگامہ کرنے کیلئے بھیجا گیا ہے ۔ نائیڈو نے انتباہ دیا کہ آج رات یہیں رہوں گا اور تمہارا حشر دیکھوں گا۔ر