چند منٹ کی موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کی شدت میں اضافہ

   

حیدرآباد21مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں و نواحی علاقوں میں چند منٹوں کی سلادھار بارش کے سبب شہر کے نواحی علاقوں میں گرمی سے کچھ راحت ملی لیکن بارش کے بعد سے گرمی کی شدت میں اضافہ بھی ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دویوم میں شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ بیشتر اضلاع میں غیر موسمی بارش ریکارڈ کی جائے گی اور شہر کے بعض علاقوں میں بارش یا ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے ۔آج سہ پہر ہائی ٹیک سٹی ‘ منی کونڈہ‘ شیخ پیٹ‘ جوبلی ہلز‘ ویسٹ ماریڈپلی ‘ ناچارم و دیگر علاقوں میں اچانک بارش نے گرمی سے کچھ راحت پہنچائی اور دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔ شہر کے کسی بھی علاقہ میں تیز بارش کی اطلاعات نہیں ہیں جبکہ نواحی علاقوں کے علاوہ اضلاع میں گذشتہ شب بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کوکٹ پلی ‘ بی ایچ ای ایل ‘ بالانگر‘ کے علاوہ میدک ‘ شاہ میر پیٹ ‘ الوال و دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی اور آئندہ 48گھنٹوں میں بھی ان علاقوں کے علاوہ دونوں شہروں میں بارش کے امکانات ہیں۔م