چوتھا ٹسٹ بھی ویسے ہی ہوگا:بن فوکس

   

احمدآباد : ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان رواں سیریز کا چوتھا ٹسٹ احمدآباد کے مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جبکہ تیسرا ٹسٹ دو دن میں ہی ختم ہوگیا تھا اور اب انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین بن فوکس امید کررہے ہیں جمعرات کو شروع ہونے والے ٹسٹ میں حالات گذشتہ مقابلہ کی طرح ہی ہوں گے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹسٹ جوکہ دو دن میں ہی ختم ہوگیا تھا، اس کی وکٹ پر چاروں گوشوں سے تنقید ہورہی ہے جبکہ فوکس نے کہا ہیکہ یہاں کے میدان پر ہم نے چوتھے ٹسٹ کیلئے مشق شروع کردی ہے اور مجھے لگتا ہیکہ چوتھے ٹسٹ میں بھی حالات اسی طرح ہوں گے جیسا کہ تیسرے ٹسٹ میں ظاہر ہوئے ہیں۔ یاد رہے تیسرے ٹسٹ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ انگلش وکٹ کیپر بیٹسمین فوکس نے زوم کے ذریعہ میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہاں ٹریننگ کی ہے اور مجھے لگتا ہیکہ چوتھے ٹسٹ میں بھی وکٹ کا برتاؤ ویسے ہی رہے گا لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ہم وکٹ کے متعلق تشویش میں مبتلاء ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلش کھلاڑی اس طرح کی وکٹ پر بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔