چوڑی کے کارخانہ سے 9 بچہ مزدوروں کی رہائی

   

حیدرآباد۔/16 جون، ( سیاست نیوز) کتہ پیٹ علاقہ پر دھاوا کرتے ہوئے بالا پور پولیس نے بچہ مزدوروں کو آزاد کروالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 کمسن لڑکے چوڑیاں تیار کرنے والے کارخانہ میں مزدوری کررہے تھے ۔ چائیلڈ ویلفیر اتھارٹیز کے ہمراہ پولیس نے کارروائی انجام دی ۔ چوڑیاں تیار کرنے والے کارخانہ میں مزدوری کیلئے کم عمر بچوں کو ریاست بہار سے لایا گیا تھا اور ان سے مزدوری کروائی جارہی تھی۔ ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی انجام دی۔ ان بچوں کو ماہانہ 16 سو تا 2 ہزار روپئے تنخواہ پر حیدرآباد لایا گیا تھا۔ اور ان سے 13 گھنٹے ہر روز سخت محنت کروائی جارہی تھی اور ان کے رہنے کیلئے بھی کوئی خاص انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ پولیس نے بچہ مزدوروں کو چنگل سے آزاد کروالیا۔