سرسا: انسپکٹر جنرل آف پولیس حصار رینج راکیش کمار آریہ نے منگل کو ضلع سرسا میں برنالہ روڈ پر واقع سائبر کرائم پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے دوران کہا کہ بیداری اور چوکسی ہی سائبر فراڈ سے بچنے کا بہترین طریقہ ہے ۔سائبر کرائمز پر روک لگانے کے لئے ہر ضلع میں سائبر کرائم پولیس اسٹیشن قائم کیے جا رہے ہیں۔ یہ تھانے موثر ثابت ہوں گے اور لوگوں کو جلد انصاف ملے گا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ اب سائبر فراڈ ہونے پر سائبر پولیس اسٹیشن فوری کارروائی کرے گا اور متاثرہ کو جلد انصاف مل سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام تھانوں میں تعینات سائبر ہیلپ ڈیسک پہلے کی طرح سائبر کرائم سے متعلق شکایات سنتے رہیں گے اور ان کو جلد از جلد نمٹانے کے بھی ذمہ دار ہوں گے ۔ مسٹر کمار آریہ نے کہا کہ سائبر پولس اسٹیشن میں تعینات پولس افسران اور ملازمین سائبر فراڈ سے متعلق شکایات کا ازالہ کریں گے اورلوگوں کو سیمیناروغیرہ کے ذریعہ آگاہ بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بیداری اور چوکسی ہی سائبر فراڈ سے بچنے کے لیے بہترین اقدامات ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس نے ضلع کے باشندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واٹس ایپ اور ای میل پر آنے والے جعلی لنکس سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عام لوگوں کو چاہیے کہ وہ واٹس ایپ یا ای میل پر آنے والے کسی بھی مشکوک لنک پر بینک سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات شیئر نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنے سے وہ سائبر فراڈ کا شکار ہو سکتے ہیں اور آپ کی معمولی سی غلطی بھی برسوں کی محنت کی کمائی گنواسکتی ہے ، اس لیے لوگوں کو اپنے ای میل یا واٹس ایپ پر ایسے لنکس پر کلک کرتے وقت ضروری احتیاط اورچوکسی کرنی چاہیے ۔ انہوں نے بتایا ہے کہ سائبر ٹھگوں کے ذریعہ عام لوگوں کو گھربیٹھے ہزاروں اور لاکھوں روپے کمانے کا جھانسہ دے کر بینک سے متعلق معلومات حاصل کرکے دھوکہ دہی کا شکار کرسکتے ہیں، اسی لئے کسی فائدے یا لالچ میں آکر واٹس ایپ یا ای میل پر کوئی بھی معلومات شیئرنہ کریں۔ اگر کسی کے ساتھ سائبر فراڈ ہوجاتا ہے تو فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1930 پر کال کریں تاکہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے ۔ سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں خصوصی طورپر سائبر کرائم سے متعلق علم رکھنے والے خصوصی تربیت یافتہ ایس ایچ اوز سمیت 10 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔