چوکیدار صرف امیروں کیلئے کام کررہا ہے : پرینکا گاندھی

,

   

کسانوں کو تکلیف دینے والے محب وطن نہیں : راہول گاندھی ۔ دہشت گرد حملوں کے وقت چوکیدار کہاں تھا ؟ کپل سبل

نئی دہلی ۔ /24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج وزیراعظم مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ چوکیدار صرف امیروں کیلئے کام کررہا ہے ۔ غریبوں کی فکر نہیں ہے ۔ انہوں نے اترپردیش حکومت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس نے ریاست کے گنا پیدا کرنے والوں کے بقایا جات ادا نہیں کئے ہیں ۔ کیا چوکیدار کا یہی کام ہے کہ وہ امیروں کیلئے چوکیداری کرے اور غریبوں کیلئے نہیں ۔ انہوں نے اس میڈیا رپورٹ پر ٹوئیٹ کیا اور دعویٰ کیا کہ ریاست یو پی میں گنا کسانوں کی حالت ابتر ہے ۔ 10 ہزار کروڑ روپئے حکومت کی جانب سے ادا شدنی ہیں ۔ کسانوں کی 10 ہزار کروڑ کی رقم کو حکومت نے پس پشت ڈالدیا ہے ۔ جبکہ امیروں کو کھلی چھوٹ دیدی جو روپیہ لے کر فرار ہوگئے ۔ اس دوران کانگریس صدر راہول گاندھی نے بھی یو پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ بی جے پی حکومت اور قائدین کسانوں کے بقایہ جات ادا نہیں کر رہے ہیں اور جو کوئی کسانوں کی توہین کرے وہ محب وطن نہیں ہوسکتا ۔ اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں کانگریس صدر نے کہا کہ یہ حکومت کی ناکامی ہے ۔ اس کی سزا کسانوں کو کیوں دی جا رہی ہے ۔ ہمارے کسان اپنی زندگیاں ہمارے لئے دیتے ہیں اور ان پر کیا جانے والا کوئی بھی ظلم در اصل قوم پر ظلم ہے ۔ جو لوگ ہمارے کسانوںکی توہین کرتے ہیں وہ محب وطن نہیں ہوسکتے ۔ پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنے ٹوئیٹر میں کہا کہ گنہ کے کسانوں کے افراد خاندان رات دن محنت کرتے ہیں لیکن یو پی حکومت ان کے بقایہ جات ادا کرنے کی ذمہ داری پوری نہیں کر پا رہی ہے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کسانوں کے 10 ہزار کروڑ کے بقایہ جات کا مطلب ہے کہ کسانوں کا سب کچھ داو پر ہے ۔ ان کے بچوں کی تعلیم ‘ غذا ‘ صحت اور ان کی آئندہ فصل بھی رکی ہوئی ہے ۔ کیا ہمارا چوکیدار صرف امیروں کیلئے کام کرتا ہے اور اسے غریبوں کی فکر نہیں ہے ۔ علا وہ ازیں سینئر لیڈر کپل سبل نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے چائے والے کو فراموش کردیا ہے ۔ اب وہ صرف ’چوکیدار‘ کو یاد کررہے ہیں اور شائد آئندہ وہ کسی اور پر توجہ دیں گے تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کرسکیں ۔ سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ بالاکوٹ فضائی حملوں کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا جب دہشت گرد گردداسپور ، پٹھان کوٹ ، اری ، بارہمولہ اور پلوامہ میں حملے کررہے تھے اس وقت کیا چوکیدار سورہا تھا ؟ وزیراعظم کی ’میں بھی چوکیدار‘ مہم پر ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم نے کانگریس کی ’’چوکیدار چور ہے ‘‘ مہم کے جواب میں یہ مہم شروع کی ہے ۔ کپل سبل نے کہا کہ بہر حال مودی نے چائے والا کو بھلا دیا ہے ۔ اب چوکیدار کو یاد کررہے ہیں ۔ آئندہ جب انہیں ووٹ لینے ہوں گے تو شائد کوئی اور نام یاد ہوگا ۔ اس چوکیدار کا صدمہ خیز اور افسوسناک رول یہ ہے کہ چوکیدار اس وقت سورہا تھا جب دہشت گردوں نے پٹھان کوٹ ، اری ، بارہمولہ اور پلوامہ پر حملے کئے تھے ۔سبل نے کہا کہ 2014 انتخابات کے وقت بی جے پی نے انتخابی مہم چلاتے ہوئے مودی کو چائے والا کی حیثیت سے پیش کیا تھا تاکہ انہیں عوام الناس سے جوڑسکے ۔