چھتیس گڑھ میں این آئی اے کے چھاپے

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ 8 نومبر (یو این آئی) قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) نے جمعہ کے روز چھتیس گڑھ کے بستر علاقہ کے دنتے واڑہ اور سُکما اضلاع میں بارہ مقامات پر چھاپے مارے ۔ یہ چھاپے ممنوعہ سی پی آئی (ماؤ نواز) تنظیم کے مسلح کارکنوں کی جانب سے کیے گئے آئی ای ڈی دھماکے اور نشانہ بنا کر کیے گئے حملے سے متعلق 2023 کے ایک معاملہ کی جاری تفتیش کے سلسلے میں مارے گئے ۔ افسران کے مطابق اَرنپور آئی ای ڈی دھماکہ کیس سے وابستہ مشتبہ افراد اور ملزمان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ ماؤ نوازوں کی دربھا ڈویژن کمیٹی کے اراکین نے 26 اپریل 2023 کو دنتے واڑہ ضلع کے ارنپور تھانہ علاقہ کے پیڑکا گاؤں کے قریب کیا تھا۔ تلاشی کے دوران ماؤ نوازوں کی جانب سے جبری وصولی سے متعلق نقدی، ہاتھ سے لکھے خطوط، چھپی ہوئی رسید بُک سمیت متعدد قابل اعتراض مواد اور مشتبہ افراد کے ڈیجیٹل آلات بھی ضبط کیے گئے ۔ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ان افراد کے اس جان لیوا حملے میں ملوث ماؤ نواز کارکنوں سے قریبی تعلقات ہیں۔ افسران نے بتایا کہ معاملہ کی تفتیش جاری ہے اور اب تک 27 گرفتار افراد کے خلاف دو چارج شیٹیں داخل کی جا چکی ہیں۔