بلاسپور، 4نومبر (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے ضلع بلاسپور میں منگل کے روز ایک میمو لوکل ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان زبردست تصادم ہوا، جس میں چھ مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ حادثہ شام تقریباً چار بجے بلاسپور اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جب میمو ٹرین ایک کھڑی ہوئی مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ میمو کا انجن مال گاڑی کے اوپر چڑھ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچاؤ کارروائی شروع کر دی۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ٹکر کے بعد اوور ہیڈ وائر اور سگنل سسٹم بری طرح متاثر ہو گئے ، جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ حالات کو دیکھتے ہوئے کئی ٹرینیں منسوخ یا موڑ دی گئی ہیں۔ریلوے نے موقع پر میڈیکل یونٹ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کے لئے روانہ کر دی ہیں۔ حادثے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا، تاہم انتظامیہ نے تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ریلوے کی جانب سے ہر مرنے والے افراد کے اہلِ خانہ کو دس لاکھ روپے ، شدید زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ جنوب مشرقی وسطی ریلوے کے جنرل منیجر ترون پرکاش موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اسی دوران بلاسپور کے ڈیویژنل ریلوے منیجر راجمل کھویوال بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ ریلوے کی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال بھیجا۔ ریلوے انتظامیہ کی طرف سے امدادی و بچاؤ کارروائیاں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔ ریلوے نے کہا ہے کہ اس حادثے کی تفصیلی تحقیقات کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی سطح پر کرائی جائیں گی تاکہ وجوہات کی درست جانچ اور ضروری اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔ مسافروں اور ان کے اہلِ خانہ کی سہولت کیلئے ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے ہیں، جو درج ذیل ہیں:۔ بلاسپور 7777857335، 7869953330۔ رائے گڑھ 9752485600۔
مسافر اور ان کے لواحقین مذکورہ نمبروں پر رابطہ کر کے ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔