رائے پور: چھتیس گڑھ میں سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کیلئے درخواست دینے کی تاریخ 31 اگست سے بڑھا کر 11 ستمبر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں ووٹر لسٹوں کی حتمی اشاعت 4 اکتوبر کو ہو گی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنرس انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل کے ساتھ ریاست کے تین روزہ دورے کے دوران اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ووٹرکا نام ووٹرلسٹ سے ازخود نہ ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کیلئے فارم 7 بھرنا ضروری ہوگا۔
موقع پر اس کی تصدیق بھی کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی اسمبلی حلقے میں دو فیصد سے زیادہ ناموں کو ہٹانے کے معاملے سامنے آتے ہیں تو الیکشن افسر کو اس کی تصدیق کرانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں الیکشن کمیشن ریاست کے پانچ محفوظ قبائل کے نام ووٹر لسٹ میں درج کرانے کا کام ترجیحی بنیادوں پر کر رہا ہے وہیں نئی [؟][؟]شادی شدہ خواتین کے نام فہرست میں درج کرانے پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فہرست کی نظرثانی میں 4 لاکھ 43 ہزار نئے ووٹرز کو شامل کیا گیا ہے ، جن میں 60 ہزار ووٹرز 18 سے 19 سال کی عمر کے ہیں، جو پہلی بار ووٹنگ میں حصہ لیں گے ۔ مسٹرکمار نے بتایا کہ ریاست میں کل 24109 پولنگ اسٹیشن بنائے جا رہے ہیں۔ ان میں سے 900 پولنگ اسٹیشن مکمل طور پر خواتین کے زیر انتظام ہوں گے ، جب کہ 90 پولنگ اسٹیشنزکا پورا نظام نوجوان سنبھالیں گے ۔ ریاست میں کل 450 ماڈل پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیںانہوں نے بتایا کہ 80 سال سے زائد عمر کے ووٹرز اور 40 فیصد سے زائد معذور ووٹروں کو اگر وہ چاہیں گے تو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے لیے انہیں نامزدگی کا عمل مکمل ہونے کے پانچ دن بعد فارم 12 ڈی بھرنا ہوگا۔