رائے پور(چھتیس گڑھ): ریاست چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اجیت جوگی دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے دنیا سے چل بسے۔ وہ کئی دنوں سے رائے پور کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ دل کے دورہ کے باعث جمعہ کے دن ان کا دیہانت ہوگیا۔ انہیں ہاسپٹل میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور ایک ماہر ڈاکٹرس کی ایک ٹیم ان کی سخت نگرانی کررہی تھی، لیکن 29 مئی جمعہ کو دو پہر 3.30 بجے انہوں نے آخری سانسیں لیں۔ ہاسپٹل کے ایک سینئر ڈاکٹر سنیل کھیمکا نے بتایا کہ اجیت جوگی جی کو دو مرتبہ دل کا دورہ پڑا تھا اور ہم ان کے دل کی دھڑکن جاری رکھنے کیلئے آخری حد تک کوشش کی ہے لیکن ہماری کوششیں ناکام ہوگئیں اور انہوں نے دم توڑدیا۔“
اس سے قبل جاریہ ماہ کے اوائل میں بھی انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔ انہیں ہاسپٹل لیجایا گیا جس کے بعد سے ہی وہ ہاسپٹل میں ہی تھے۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا موجود ہے۔ واضح رہے کہ اجیت جوگی کو چھتیس گڑھ کے پہلے وزیر اعلیٰ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔