چھتیس گڑھ کے سکما میں تصادم، 16نکسلائٹس ہلاک

,

   

رائے پور :چھتیس گڑھ کے سکما ضلع کے گوگْنڈا علاقے میں سکیوریٹی دستوں اور نکسلیوں کے درمیان شدید تصادم کی خبر سامنے آئی ہے۔ یہ تصادم صبح سے ہی جاری رہا ۔ تصادم میں سکیوریٹی دستوں کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس تصادم میں اب تک 16 نکسلیوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ اس کارروائی کو نکسلزم کے خاتمہ کی سمت میں اہم قدم بتایا جا رہا ہے۔عہدیداروں کے مطابق سکما پولیس اسٹیشن کی سرحد کے تحت کیرلا پال علاقے میں نکسلیوں کی موجودگی کے بارے میں خصوصی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مہم شروع کی گئی تھی۔ مشترکہ دستہ 28 مارچ کو تلاشی مہم کے لیے نکلا تھا اور آج صبح سے ہی رک رک کر گولی باری جاری ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ اس مہم کے پورا ہونے کے بعد تفصیلی بیان جاری کیا جائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ سلامتی دستے کے جوانوں کی مستعدی اور حکمت عملی کی وجہ سے نکسلی ان کے سامنے زیادہ وقت تک ٹک نہیں پائے۔ اس تصادم میں جوانوں کو کئی اہم جانکاریاں بھی ملی ہیں جس سے نکسلزم کے خلاف ان کی مہم اور بھی تیز ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ سکما چھتیس گڑھ کے بستر علاقے میں سب سے زیادہ نکسل متاثر ضلعوں میں سے ایک ہے جہاں پہلے بھی کئی نکسلی حملے ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے جمعہ کو چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں نکسلیوں کے ذریعہ لگائے گئے آئی ای ڈی میں دھماکہ ہونے سے ایک جوان زخمی ہو گیا تھا۔بستر کے پولیس آئی جی سندر راج پی نے بتایا کہ بیڑماکوٹی کی طرف سے نکسلیوں کے ذریعہ لگائے گئے آئی ڈی دھماکہ میں ایک جوان زخمی ہو گیا۔ زخمی جوان کا نارائن پور کے ضلع ہاسپٹل میں ابتدائی علاج کرایا گیا۔