انتخابی مہم چلانے والے ٹی آر ایس کے نصف ارکان اسمبلی اور کمیونسٹ جماعتوں کے کئی قائدین میرے حق میں
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے بی جے پی کے ووٹ دینے ان کے بھائی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی عوام سے کی گئی اپیل کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیان دینے میں کوئی برائی نہیں ہے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب کانگریس میں تھے تب انہوں نے جمہوریت کا تحفظ کرنے کے لیے سیاست سے بالاتر ہو کر حضور آباد کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی ۔ اب اس طرح کی اپیل میرے بھائی نے میرے لیے کی ہے ۔ جس دن اے ریونت ریڈی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر منتخب ہوئے اسی دن کانگریس ریاست میں ختم ہوگئی ۔ بی جے پی کو اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں شکست دینے کے لیے ٹی آر ایس پارٹی کانگریس کو مالی امداد فراہم کررہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں انتخابی مہم چلانے والے نصف ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی مجھے کامیاب بنانے کے حق میں ہے ۔ چند لوگوں نے فون کر کے مجھے یہی بات بتائی ہے ۔ میرے بھائی کے علاوہ کمیونسٹ جماعتوں کے کئی قائدین اور دوسری اہم شخصیتوں نے عوام سے راج گوپال ریڈی کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے ۔ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ٹی آر ایس اور کانگریس میں خفیہ سازباز ہوگئی ہے ۔ کانگریس کو پڑنے والا ہر ووٹ ٹی آر ایس کو جائے گا ۔ ریاست میں ٹی آر ایس عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے ۔ بی جے پی ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہورہی ہے ۔ ٹی آر ایس کتنا بھی پول مینجمنٹ کرلیں کتنے بھی سروے کرالیں بی جے پی کی کامیابی کو کوئی بھی طاقت نہ روکنے کا کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے دعویٰ کیا ۔۔ ن
ایم بی بی ایس / بی ڈی ایس میں داخلے نیٹ کے ذریعہ اے ، بی ، سی زمرہ کی کونسلنگ
حیدرآباد /21 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس نے نیٹ 2022 کامیاب امیدواروں کیلئے اے ای کیو اے زمرہ کیلئے رجسٹریشن کے بعد اب اہل امیدواروں کی فہرست جاری کرے گا ۔ سیٹ الاٹمنٹ کے بعد کالجس کا انتخاب کرتے ہوئے ترجیح دینا ہوگا ۔ اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی کے منیجمنٹ کوٹہ بی زمرہ اور این آر آئی کوٹہ سی زمرہ کیلئے آن لائن رجسٹریشن برائے کونسلنگ کی آخری تاریخ 27 اکٹوبر مقرر کی گئی ہے ۔ امیدوار ویب سائیٹ سے پراسپکٹس ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے تمام ہدایات رہنمایانہ نکات پر عمل کریں ۔ شخصی رہنمائی کیلئے ایم اے حمید سے دفتر سیاست کے جگر ہال عابڈس پر 4بجے تا 7 بجے رجوع ہو سکتے ہیں ۔