چیریال تحصیلدار کے خلاف ڈی آر اوسے شکایت

   

حسن آباد یکم / اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع سدی پیٹ کے چیریال منڈل میں برسر خدمت تحصیلدار بی ناگاراجو گوڑ پر کھلے عام رشوت ستانی و مختلف بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے کے ٹھوس ثبوت و شواہد کے ہمراہ صدر منڈل کانگریس کمیٹی مسٹر آدی سرینواس نے آج ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر سدی پیٹ مسٹر چندر شیکھر کو تحریری شکایت پیش کی جس میں الزام عائد کیا کہ تحصیلدار چیریال منڈل بی ناگاراجو گوڈ پٹہ دار پاس بکس اجرائی و ضروری اسنادات کی اجرائی کیلئے عوام و کسانوں سے موٹی موٹی رقم طلب کر رہے ہیں ۔ نیز تحصیلدار دفتر رشوت ستانی کے اڈہ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ موضع چنچنہ کوٹ کے لنگیا نامی کسان نے اپنی دو ایک اراضی مبینہ طور پر رشوت لیکر سی بھیما راجو کے نام تحصیلدار کی جانب سے غیر مجاز و غیر قانونی طور پر کردئے جانے کے تحریری شواہد ڈی آر او کو دیکر اس ضمن میں کھلے عام تحقیقات کروانے و خاطی تحصیلدار کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر دفتر کلکٹریٹ پر اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ اجتماعی خودکشی کرلینے کا ڈسٹرکٹ رینیو آفیسر سدی پیٹ چندر شیکھر کو انتباہ دیا ۔