مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ماروتی ویان ضبط ، پولیس تحقیقات میں مصروف
حسن آباد /27 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حسن آباد پولیس سب ڈیویژن میں شامل چیریال پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع مختلف مواضعات میں نئے تعمیرات و مکانات کی تعمیر نو کیلئے ہندو عقیدے کے مطابق واستو کا رخ بتانے کا بہانہ بناکر عوام کو ٹھگنے والے ضلع راجنا سرسلہ کے 9 دھوکہ باز پجاریوں کو آج چیریال ٹاون کے بیڑی کالونی میں مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث پاکر گرفتار کرلیا ۔ بعد تفتیش کے معاون کمشنر آف پولیس حسن آباد ایس مہیندر کو نقلی پجاریوں جناردھن ، پدماراؤ ، ایشور ، سری سیلم ، نریش یادو ، راجندر ، سوماشیکھر ، پرساد اور یادگیری کو مقامی صحافت کے روبرو پیش کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین نے 23 اگست کو چیریال منڈل کے موضع آکنور میں نرسمہلو نامی کسان کے زیر تعمیر پہونچکر عمارت کو عین واستو کے مغائر قرار دیکر واستو بتانے و ضروری پوجا کیلئے 46 ہزار روپئے طلب کئے ۔ نیز 25 اگست کو ضلع راجنا سرسلہ کے ویملواڑہ پہونچکر ادائیگی کرنے کو کہا ۔ اس ضمن میں نرسمہلو نے 25 اگست کو ویملواڑہ پہونچکر مذکورہ پجاریوں کو رقمی ادا کرتے ہوئے اپنے ساتھ اپنے وطن آکنور کولایا جہاں مذکورہ پجاریوں نے مکان کو منفی اثرات سے پاک کرنے کے بہانے عود و مرچ پاوڈر کو دھوا ںدیکر مکینوں کو گھر سے باہر نکلنے کو کہا نیز تیز دھووں کے آڑ میں نرسمہلو کے پینٹ کے جیب میں موجود 30 ہزار روپئے ، ایک بکرا ، ایک بکری کو اپنی کار میں چڑھاکر فرار ہوگئے ۔ دئے گئے وقت پر مکین نرسمہلو نے اپنے گھر میں داخل ہوکر دیکھا تو گھر کے صحن میں موجود بکرا و بکری و جیب میں موجود رقم کا سرقہ کرلینے کی شک کی بنیاد پر چیریال پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کروائی ۔ دوران تحقیقات چیریال ٹاون کے مضافات میں واقع بیڑی کالونی میں ملزمین کا پتہ چلنے پر سب انسپکٹر موہن بابو نے ملزمین کو گرفتار کرلیا نیز ماروتی ویان کو ضبط کرلیا ۔
