بی ایل او سوپر وائزرس انتخابی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ، دھرم شالہ میں گیانیش کمار کا ایک اجلاس سے خطاب
دھرم شالہ۔6 جون (یوی این آئی) چیف الیکشن کمشنر (سی ای او) گیانیش کمار جو 5 سے 8 جون تک ہماچل پردیش کے کانگڑا اور چنبا اضلاع کے چار روزہ دورہ پر ہیں،نے دھرم شالہ میں انتخابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انتخابی افسران، بوتھ سطحی افسران (بی ایل او)، بی ایل او سپروائزروں اور دیگر عملے کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔دھرم کوٹ کے ایک ہوٹل میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او نے بی ایل او اور بی ایل او سوپر وائزروں کو انتخابی نظام کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور درست، قابلِ اعتماد اور جامع ووٹر فہرست تیار کرنے میں ان کے اہم کردار پر زور دیا۔خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کمار نے افسران کو ہدایت دی کہ مہم کے دوران ہر اہل شہری تک رسائی یقینی بنائی جائے اور ایسے افراد کی پہچان کرنے اور انہیں انتخابی فہرست میں شامل کرنے کے لئے خصوصی کوششیں کی جائیں جن کے نام ابھی تک ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے باہر نہ رہے اور کسی غیر اہل شخص کا نام ووٹر فہرست میں شامل نہ کیا جائے ۔ گفتگو کے دوران نئے ووٹروں کی شناخت، نقل مکانی کرنے والے ووٹروں کی تصدیق اور ووٹر فہرست کی تازہ کاری سے متعلق زمینی سطح کے چیلنجوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور افسران کو انتخابی عملے کی مناسب تربیت اورر لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے انتخابی امور میں شفافیت، کارکردگی اور بروقت عمل درآمد کو بہتر بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی نظاموں کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ریاست میں انتخابی نظام کے ہموار کام کاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمار نے تمام افسران اور ملازمین سے اپیل کی کہ وہ غیر جانبدار، شفاف اور جامع انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے مکمل لگن اور عزم کے ساتھ کام کریں۔ اجلاس میں چیف الیکٹورل آفیسر نندیتا گپتا، ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسرز نیرج چاڈلا اور مراری لال، ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر دورجے ٹھاکر کے علاوہ ضلعی اور سب ڈویژنل انتخابی افسران بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے میکلوڈ گنج علاقے میں نمگیال مٹھ، سینٹ جان چرچ اور نوربولنگکا مٹھ کا دورہ کیا۔