چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کو کانگریس قائد ہنمنت راؤ کا مکتوب

   

حیدرآباد ۔3۔جنوری (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک ارادھے کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نلگنڈہ ضلع کے حاجی پور میں کمسن لڑ کیوں کی عصمت ریزی اور قتل کے ذمہ دار شخص کے خلاف عدالت سے سزا کی اپیل کی۔ ہنمنت راؤ نے مکتوب میں کہا کہ 2015 سے 2019 کے درمیان سرینواس ریڈی نامی شخص نے تین کمسن لڑکیوں کی عصمت ریزی کرتے ہوئے انہیں قتل کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حاجی پور کا دورہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی گئی اور انہیں خاطیوں کو سزا دلانے کا تیقن دیا گیا ۔ مقامی عدالت نے ایک مقدمہ میں ملزم کو عمر قید اور دیگر دو مقدمات میں پھانسی کی سزا سنائی ۔ گزشتہ 4 برسوں سے مقامی عدالت کے فیصلہ پر عمل نہیں کیا گیا۔ سزا کی تکمیل میں تاخیر سے مقامی افراد میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ سرینواس ریڈی کے خلاف سزا پر عمل آوری کے اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے میں مدد ملے۔1