چیف جسٹس کی طلباء کے مکتوب پر فوری کارروائی

   

میڑچل سے آئی ٹی آئی کی منتقلی روکنے کے احکامات

حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ستیش چندر شرما نے آئی ٹی آئی میڑچل کے طلباء کی جانب سے لکھے گئے مکتوب پر فوری کارروائی کرتے ہوئے آئی ٹی آئی کی منتقلی پر روک لگادی ہے۔ آئی ٹی آئی کے 132 طلباء نے منتقلی روکنے کیلئے درخواست کرتے ہوئے چیف جسٹس کو مکتوب روانہ کیا۔ طلباء نے شکایت کی کہ آئی ٹی آئی کو دوردراز مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔ موجودہ اراضی کسی خانگی کمپنی کو حوالے کرنے کیلئے حکومت مساعی کررہی ہے۔ طلباء نے کہا کہ آئی ٹی آئی کی دوردراز مقام منتقلی سے طلباء اور عوام کو مشکلات پیدا ہوں گی۔ طلباء کی اکثریت کا تعلق مقامی علاقہ سے ہے جو دیگر اداروں میں پارٹ ٹائم خدمات انجام دیتے ہوئے آئی ٹی آئی میں کورسیس سیکھ رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے طلبہ کے مکتوب کو مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کردیا اور آج سماعت کی۔ انہوں نے آئی ٹی آئی کی منتقلی روکنے کیلئے عبوری حکم التواء جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے طلباء کو مشکلات پیش آئیں گی۔ طلباء کو سفر کیلئے زائد چارجس برداشت کرنے پڑیں گے۔ عدالت نے کہا کہ پارٹ ٹائم ملازمت کرنے والے امیدواروں کیلئے یہ فیصلہ تکلیف دہ ثابت ہوگا۔ چیف جسٹس نے حکومت کو ہدایت دی کہ آئندہ 8 ہفتوں میں تفصیلی حلف نامہ داخل کریں۔ چیف جسٹس نے آئندہ سماعت 29 مارچ کو مقرر کی ہے۔ر