حیدرآباد 14 اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کی میعاد 31 اگست کو ختم ہورہی ہے، ایسے میں چیف سکریٹری کے دعویدار سینئر آئی اے ایس عہدیداروں نے سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے ۔ تلنگانہ کا اگلا چیف سکریٹری کون ہوگا، اس پر سکریٹریٹ اور سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ 30 اپریل 2025 کو چیف سکریٹری کی ذمہ داری سنبھالنے والے رام کرشنا راؤ کی میعاد 30 اگست کو ختم ہورہی ہے اور حکومت نے میعاد میں 6 ماہ کی توسیع کیلئے مرکز کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ مرکز سے تاحال کوئی جواب نہیں ملا اور امید ہے کہ آئندہ ہفتہ مرکز سے تلنگانہ حکومت کو جواب موصول ہوگا۔ حکومت کو مرکز سے مثبت جواب کی امید ہے تو دوسری طرف عہدہ کے دعویدار سینئر عہدیدار بھی متحرک ہوچکے ہیں۔ چیف سکریٹری رینک کی اہلیت والے عہدیداروں میں جیش رنجن ، شیشانگ گوئل اور وکاس راج شامل ہیں۔ تلنگانہ حکومت چونکہ 6 ماہ کی توسیع کا ارادہ رکھتی ہے ، لہذا اس نے نئے چیف سکریٹری کیلئے کوشش شروع نہیں کی ۔ نئے چیف سکریٹری کے انتخاب یا موجودہ چیف سکریٹری کی توسیع کا انحصار مرکز کے مکتوب پر رہے گا۔ 1