چیف سکریٹری سومیش کمار کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے راحت

   

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائی کورٹ نے سرکاری خزانہ سے 59 کروڑ کی اجرائی سے متعلق معاملہ میں چیف سکریٹری سومیش کمار کو بڑی راحت دی ہے۔ عدالت نے جی او 208 پر جاری کردہ حکم التواء سے دستبرداری اختیار کرلی۔ مفاد عامہ کی درخواست کے تحت شکایت کی گئی تھی کہ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ان کے خلاف توہین عدالت کے مقدمات کی پیروی کیلئے سرکاری خزانہ سے 59 کروڑ کی منظوری حاصل کی۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم التواء جاری کردیا اور چیف سکریٹری سے وضاحت طلب کی تھی۔ حکومت سے کہا گیا تھا کہ وہ رقومات جاری نہ کرے۔ سومیش کمار نے حلف نامہ داخل کرکے وضاحت کی کہ مذکورہ رقم مقدمات کیلئے نہیں بلکہ حاصل کردہ اراضیات کے معاوضہ کی ادائیگی کیلئے ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے بتایا کہ عدالت کو وضاحت میں ناکامی کے سبب غلط فہمی پیدا ہوئی ہے۔ عدالت نے جی او کے متن پر اعتراض جتایا تھا جس پر وضاحت کی گئی کہ اس سلسلہ میں وضاحت کے ساتھ احکامات جاری کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری کی وضاحت کے بعد عدالت نے جی او پر جاری کردہ حکم التواء واپس لے لیا۔