چیف منسٹر اے پی کا سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی سروے

,

   

Ferty9 Clinic

روزگار سے محروم ہر خاندان کو 5000 روپئے امداد ۔ جگن موہن ریڈی کا اعلان
امراوتی 8 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج سیلاب سے متاثرہ پولاورم اور دیوی پٹنم علاقوں کا جو مشرقی گوداوری ضلع میں واقع ہیں فضائی معائنہ کیا جبکہ دولیشورم میں سر آرتھر کاٹن بیاریج میں پانی کی سطح خطرہ کے دوسرے نشان سے بھی اوپر پہونچ گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 13.47 لاکھ کیوسکس سیلاب کا پانی سر آرتھر کاٹن بیاریج گوداوری میں آ رہا ہے اور اتنا ہی پانی خلیج بنگال اور ڈیلٹا کنال سسٹم میں بہایا جا رہا ہے ۔ پولاورم میں پانی کی سطح 27.86 میٹرس تک پہونچ گئی ہے اور بھدرا چلم کے آب گیر علاقوں سے زبردست بہاو کی وجہ سے یہاں پانی کی سطح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ بھدرا چلم میں پہلی وارننگ کا سگنل دیدیا گیا ہے ۔ نئی دہلی سے واپسی کے بعد چیف منسٹر نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ان علاقوں میں کا فضائی سروے کیا اور بعد میں انہوں نے وزرا اور عہدیداروں کے ساتھ راجمنڈری ائرپورٹ پرجائزہ اجلاس بھی منعقد کیا ۔ جگن موہن ریڈی نے اعلان کیا کہ ریاست میں ہر خاندان کو جس کا کاروبار متاثر ہوا ہے 5000 روپئے کی مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو گاوں زیر آب آگئے ہیں ان میں 70 فیصد گاوں قبائلی آبادی والے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ محصور گاووں میں اور جو لوگ پانی میں گھرے ہوئے ہیں انہیں بھی اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں ۔

چیف منسٹر نے عہدیداروں کو فصلوں کے نقصان کا معاوضہ ادا کرنے کے علاوہ ہدایت دی کہ تازہ بیج مفت سربراہ کئے جائیں۔ جگن نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پولاورم پراجیکٹ کی تعمیراتی سائیٹ پر پانی کے بہاو کو نظر میں رکھتے ہوئے سیلاب کے خطرہ کا اندازی لگائیں اور احتیاطی اقدامات اس کے مطابق انجام دئے جائیں۔ انہوں نے پولاورم زیر آب گاووں میں باز آبادکاری اور دوبارہ آبادیاں بسانے کے کام کرنے اور تیز رفتاری و ترجیحی بنیادوںپر کاموں کی انجام دہی کی ہدایت بھی دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک آئی اے ایس عہدیدار کو خاص طور پر پولاورم آر اور آر ورکس کی نگرانی اور اس میں تیزی پیدا کرنے کیلئے متعین کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹرس پی ایس سی بوس ‘ اے کے کے سرینواس اور وزرا کے کنا بابو ‘ پی انیل کمار یادو ‘ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی وغیرہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ تاہم کہا گیا ہے کہ سریکا کلم ضلع کے گٹہ بیاریج ومشا دھارا میں پانی کی سطح میں کمی آنی شروع ہوگئی ہے ۔یہاں سے بھی پانی کی نکاسی عمل میںلائی جا رہی ہے۔