مخالفین کے تعلق سے نازیبا زبان کا استعمال ۔ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ خشک سالی، کسانوں کی پریشانیوں اور تلنگانہ کے آبی تنازعات سے عوام کی توجہ ہٹانے نازیبا زبان اور ذاتی حملوں کا سہارا لے رہے ہیں۔سدی پیٹ میں چیف منسٹر کے ریمارکس پر راما راؤ نے سوال کیا کہ جب کسان خشک سالی اور آبپاشی کے مسائل سے پریشان ہیں تو ریونت ریڈی اشتعال انگیز بیانات کیوں دے رہے ہیں؟ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ تلنگانہ کے پانی کو مبینہ طور پر آندھرا پردیش منتقل کرنے سے چشم پوشی کر رہی ہے اور اس مسئلے کو بے نقاب کرنے پر اپوزیشن کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو بی آر ایس قائدین کے خلاف ذاتی ریمارکس کرنے کی بجائے ریاست کے مفادات کے تحفظ اور عوامی شکایات کے ازالے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے تلنگانہ کے شہیدوں سے متعلق بات کرنے کے ریونت ریڈی کے استحقاق پر بھی سوال اٹھایا اور انہیں تحریکِ تلنگانہ کا غدار قرار دیا جنہوں نے کبھی ’جئے تلنگانہ‘ کا نعرہ نہیں لگایا ۔ سرسلہ اور سدی پیٹ میں ریونت ریڈی کی حالیہ تقاریر پر بی آر ایس کے ورکنگ صدر نے سوال کیا کہ چیف منسٹر نے ریاست کو کون سے ٹھوس فوائد پہنچائے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار چیف منسٹر بننے کی بجائے ریونت ریڈی اپنے عہدے کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے فلاحی اسکیمات کو ترک کر دیا ہے ، وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے اور بے روک ٹوک بدعنوانی کو فروغ دیا ہے۔راما راؤ نے انتباہ دیا کہ کانگریس حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور کہا کہ جب بھی انتخابات ہوں گے ، ہر حلقہ سرسلہ اور سدی پیٹ کی طرح جواب دے گا۔ بی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ کو تحریکِ تلنگانہ کی قیادت کا نقطۂ عروج اور بے مثال قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی جیسے دہلی کے غلام ان پر تنقید کر کے صرف ذہنی تسکین حاصل کر سکتے ہیں اور کبھی ان کے مقام تک نہیں پہنچ سکتے۔1