حیدرآباد۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دسہرہ کے دن دھرنی پورٹل کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اُس سے قبل تمام تیاریاں کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دھرنی پورٹل کیلئے ضروریات کے مطابق سافٹ ویر، ہارڈ ویر، بیانڈ وڈٹس کو مکمل تیار رکھیں۔ تبدیل ہورہے رجسٹریشن نظام کے تحت فوری میوٹیشن کرنے کیلئے دھرنی پورٹل میں تفصیلات اَپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ دوسرے اُمور پر تحصیلدار، ڈپٹی تحصیلدار، سب رجسٹرارس کو ضرورت کے مطابق تربیت بھی فراہم کی جائے۔ ڈیمو ٹرائیل کا بھی اہتمام کرتے ہوئے عہدیداروں میں شعور بیدار کیا جائے۔ ہر منڈل کو ایک سب رجسٹرار آفس کیلئے ایک کمپیوٹر آپریٹر کا تقرر کرنے کی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کے سی آر نے کہا کہ پورٹل کے افتتاح سے قبل ریاست بھر میں سروے نمبرات کے لحاظ سے رجسٹریشن قیمتوں کا تعین کیا جائے گا اور انھیں قیمتوں کی بنیاد پر رجسٹریشن کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تحصیلدار اور سب رجسٹرار کو آفسوں میں ڈاکیومنٹ رائٹرس کو لائسنس فراہم کرتے ہوئے تربیت فراہم کی جائے گی۔ کے سی آر نے دسہرہ سے قبل تمام اقسام کی جائیدادوں سے متعلق ڈاٹا دھرنی پورٹل میں انٹر کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دسہرہ کے دن پورٹل کا آغاز ہوگا اور اُسی دن سے رجسٹریشن کرنے کا عمل بھی شروع ہوگا۔