حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی جمعرات 15 اگسٹ کو تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی پہلی مرتبہ قلعہ گولکنڈہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ ریونت ریڈی صبح 8:30 بجے کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں یوم آزادی تقریب میں حصہ لیتے ہوئے قومی پرچم لہرائیں گے۔صبح 9:20 بجے پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر شہید فوجیوں کی یادگار پرگلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج ادا کریں گے۔ صبح 10 بجے تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے اور خطاب کریں گے۔ اس موقع پر فنکاروں کی جانب سے مختلف پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ بعد ازاں چیف منسٹر 11:45 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کتہ گوڑم ضلع کے ملکالا پلی منڈل پہنچیں گے۔ وہ سیتا راما لفٹ اریگیشن پراجکٹ پمپ ہاوزکا افتتاح کریں گے اور دوپہر 2:15 بجے چیف منسٹر کھمم کے وائیرا کیلئے روانہ ہوں گے اور 3 بجے دن کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم کی تکمیل کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے کسانوں سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر کھمم سے شام 6 بجے حیدرآباد واپس ہوں گے اور راج بھون میں گورنر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔1