پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کو قطعیت کا امکان، مہیش کمار گوڑ کی راہول گاندھی سے ملاقات
ریونت ریڈی کی کے سی وینو گوپال سے مشاورت، کابینہ میں توسیع پر قطعی فیصلہ باقی
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کی عاملہ کی تشکیل کے مسئلہ پر مشاورت کیلئے 30 مئی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین کو نئی دہلی طلب کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے کی نئی دہلی میں عدم موجودگی کے سبب پردیش کانگریس کی عاملہ کی فہرست کو منظوری نہیں دی جاسکی لہذا ہائی کمان نے چیف منسٹر، صدر پردیش کانگریس اور دوسروں کو 30 مئی کو دہلی آنے کا مشورہ دیا ہے۔ قبل ازیں صدر پردیش کانگریس نے دعویٰ کیا تھا کہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا اندرون 2 یوم اعلان کیا جائے گا۔ اِسی دوران مہیش کمار گوڑ جو گزشتہ 2 دنوں سے نئی دہلی میں ہیں، آج لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ مہیش کمار نے افراد خاندان کے ہمراہ راہول گاندھی سے ملاقات کی اور ریاست کی تازہ صورتحال سے واقف کرایا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ ریاستی کابینہ میں پسماندہ طبقات کو مناسب حصہ داری کی درخواست کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہائی کمان کابینہ میں توسیع پر جلد فیصلہ کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست سے متعلق بعض اُمور پر راہول گاندھی سے بات چیت رہی جس میں تنظیمی استحکام اور جئے باپو جئے بھیم مہم کے تحت پروگراموں کا اہتمام شامل ہے۔ مہیش کمار گوڑ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی اُمور کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی اور پردیش کانگریس عاملہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔ بتایا گیا کہ ورکنگ صدر ، نائب صدور و جنرل سکریٹریز ناموں میں بعض تبدیلیوں کے ساتھ منظوری دی گئی۔ انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے بھی فہرست کو کے سی وینو گوپال کے پاس روانہ کیا ہے ۔ اُمید ہے کہ اندرون 2 یوم پی سی سی عاملہ کا اعلان کردیا جائیگا۔ ریونت ریڈی کی راہول گاندھی سے ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ میں توسیع پر کوئی قطعی فیصلہ نہیں ہوسکا کیونکہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نئی دہلی میں نہیں ہیں اور چیف منسٹر کی راہول گاندھی سے ملاقات نہیں ہوسکی۔ کابینہ میں توسیع پر دونوں سے مشاورت ضروری ہے۔ ریونت ریڈی نئی دہلی میں 2 دن قیام کے بعد آج حیدرآباد واپس ہوگئے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے کابینہ میں توسیع پر تاحال کوئی اشارہ نہیں دیا ہے اور اِس پر مشاورت کیلئے چیف منسٹر کو پھر ایک مرتبہ نئی دہلی طلب کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے نیتی آیوگ اجلاس میں شرکت کی اور وزیراعظم مودی سے ملاقات کرکے تلنگانہ پراجکٹس کو فنڈس جاری کرنے اپیل کی۔1