حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نئی دہلی کے دو روزہ دورہ کے بعد آج حیدرآباد واپس ہوئے ۔ نئی دہلی میں چیف منسٹر نے مرکزی وزراء سے تلنگانہ سے متعلق امور کی نمائندگی کی۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر اسپورٹس منسکھ مانڈویا، مرکزی وزیر فرٹیلائیزر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر کامرس پیوش گوئل سے ملاقات کی اور ریاست کے زیر التواء پراجکٹس کیلئے مرکز سے فنڈس کی اجرائی کی درخواست کی ۔ چیف منسٹر نے کھیلو انڈیا گیمس 2026 کے تلنگانہ میں انعقاد کی تجویز پیش کی اور 2036 اولمپکس کے دو ایونٹس حیدرآباد میں منعقد کرنے کی درخواست کی۔ کسانوں کیلئے یوریا کی سربراہی کے سلسلہ میں جے پی نڈا سے نمائندگی کی گئی۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر پیوش گوئل سے انڈسٹریل کوریڈار اور دیگر پراجکٹس کیلئے فنڈس جاری کرنے کی درخواست کی۔اس دوران کرکٹ اسٹار کپل دیو اور بالی ووڈ اسٹار اجئے دیوگن نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ اجئے دیوگن حیدرآباد میں بین الاقوامی معیار کا فلم اسٹوڈیو تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے سیاسی سرگرمیوں سے خود کو دور رکھا اور کانگریس اعلیٰ کمان سے ملاقات نہیں کی۔1