چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رنگاریڈی ضلع میں شانتی ونم کا دورہ کیا

   

طلبہ و نوجوانوں کو سافٹ اِسکل شعبہ جات میں ٹریننگ کی ستائش، سرکاری اسکولوں میں آغاز کی تجویز

حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج رنگاریڈی ضلع کے کنہا شانتی ونم کا دورہ کیا۔ رنگاریڈی ضلع کے نندی گاما منڈل کے موضع کنہا میں موجود شانتی ونم میں بچوں اور طلبہ کو سافٹ اِسکلس کے شعبہ جات میں ٹریننگ دی جاتی ہے۔ چیف منسٹر نے طلبہ اور نوجوانوں کو دی جانے والی ٹریننگ سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے شانتی ونم کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں اور اقامتی اسکولوں میں طلبہ کو اسی طرح کی اِسکل ٹریننگ فراہم کی جانی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے درختوں کی حفاظت سے متعلق کنزرویشن سنٹر کا معائنہ کیا۔ شانتی ونم کے ذمہ داروں نے چیف منسٹر کو مختلف اقسام کے پودوں کی افزائش اور ان کے تحفظ کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے ہمہ اقسام کے پودوں کی افزائش کے سلسلہ میں کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔ چیف منسٹر نے شانتی ونم میں خاص طور پر تیار کردہ رین فاریسٹ کا دورہ کیا اور ایک پودا لگایا جو ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ چیف منسٹر نے میڈی ٹیشن سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ان کے مشیر نریندر ریڈی ، حکومت کے مشیر سرینواس راجو، رکن اسمبلی شنکریا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ واضح رہے کہ نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر نے گذشتہ دنوں شانتی ونم کا دورہ کیا تھا اور وہاں قیام پذیر رہے۔1