حادثہ کیلئے کے سی آر حکومت ذمہ دار، ریاستی وزراء نے تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایس ایل بی سی سرنگ میں 8 ورکرس کی تلاش کے لئے جاری مہم کا معائنہ کیا۔ گزشتہ ہفتہ سرنگ کی چھت منہدم ہونے سے 8 ورکرس پھنس گئے تھے جن کی تلاش جاری ہے۔ فوج، بحریہ، NDRF کے بشمول 11 مرکزی اور ریاستی ادارے بچاؤ مہم میں مصروف ہیں۔ ورکرس کے زندہ بچنے کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ونپرتی سے سیدھے سری سیلم لفٹ بنک کنال پہونچے اور سرنگ میں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اندرون 2 یوم امدادی کام اختتام پذیر ہوں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرنگ میں چھت کا مکمل جائزہ لیں تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، رکن پارلیمنٹ ناگر کرنول، ڈاکٹر ملو روی اور ارکان اسمبلی ومشی کرشنا، بالو نائک اور سابق رکن اسمبلی سمپت کمار اور پرنسپل سکریٹری اروند کمار موجود تھے۔ قبل ازیں ونپرتی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اس حادثہ کے لئے کے سی آر حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں میں ایس ایل بی سی کے کام نظرانداز کردیئے گئے تھے۔ چیف منسٹر نے واقعہ پر دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزراء کو کاموں کی نگرانی کی ہدایت دی۔ 1