چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رگھورام راجن سے ملاقات، اسکیمات کیلئے وسائل اکٹھا کرنے تجاویز طلب

   

انتخابی وعدوں کی تکمیل کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی ضرورت، کسانوں کے قرض معافی کیلئے 35 ہزار کروڑ درکار، فلاحی اسکیمات پر حکومت سنجیدہ
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت نے انتخابات سے قبل 6 ضمانتوں کے وعدے پر عمل کیلئے وسائل اکٹھا کرنے پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ 6 ضمانتوں کے تحت وعدوں کی تکمیل کے علاوہ کسانوں کے قرض معافی اسکیم پر عمل آوری حکومت کیلئے چیلنج بن چکی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے واضح کیاکہ اُن کی حکومت 6 ضمانتوں کے علاوہ کسانوں کے قرض معافی اسکیم پر 15 اگسٹ سے قبل بہرصورت عمل کریگی۔ اس کے علاوہ ریاست میں فلاحی اسکیمات پر عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وعدوں کی تکمیل کیلئے درکار فنڈس کے حصول کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ماہرین معاشیات سے مشاورت شروع کردی ہے تاکہ سرکاری خزانہ میں فنڈس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اُن کے کابینی رفقاء نے حال ہی میں ریزرو بینک کے سابق گورنر رگھو رام راجن سے ملاقات کی اور وسائل اکٹھا کرنے اُن سے تجاویز طلب کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 6 ضمانتوں اور کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے بشمول دیگر وعدوں پر عمل کیلئے حکومت کو ایک لاکھ کروڑ کی ضرورت پڑیگی۔ ذرائع کے مطابق سابق گورنر ریزرو بینک آف انڈیا رگھورام راجن سے دو مرتبہ مشاورت کی گئی تاکہ اُن سے وسائل اکٹھا کرنے تجاویز حاصل کی جاسکیں۔ رگھورام راجن نے عوام پر اضافی بوجھ عائد کئے بغیر وسائل اکٹھا کرنے حکومت کو بعض تجاویز پیش کیں اور تفصیلی طور پر نکات پیش کرنے کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رگھو رام راجن نے انتخابی وعدوں پر عمل کے آغاز تک ترقیاتی کاموں جیسے آبپاشی پراجکٹس پر خرچ کو روکنے کا مشورہ دیا۔ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے خواتین کیلئے ماہانہ 2500 روپئے امداد، آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، 500 روپئے میں پکوان گیاس سیلنڈر، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی، 15000 روپئے فصل سبسیڈی، 12000 روپئے زرعی مزدوروں کو امداد، اندراماں انڈلو کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد، ودیا بھروسہ کارڈ کے تحت طلبہ کو 5 لاکھ روپئے کی امداد، پنشن میں اضافہ کرکے 4 ہزار روپئے کی ادائیگی اور راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت جیسے وعدے کئے تھے۔ حکومت نے اندرون 100 دن چند وعدوں پر عمل کا آغاز کیا جن میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت شامل ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق سے حکومت وعدوں پر عمل پر توجہ مرکوز نہیں کرسکی۔ لوک سبھا چناؤ میں کانگریس نے کسانوں کیلئے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے کا اعلان کیا جس پر 15 اگسٹ سے قبل عمل کیا جانا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کسانوں کے قرض معافی کیلئے حکومت کو 35 ہزار کروڑ روپئے کی ضرورت پڑے گی۔ حکومت نے رگھورام راجن اور دیگر ماہرین معاشیات کی تجاویز کے مطابق وسائل اکٹھا کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ 1