چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ڈاؤس آمد پر پرتپاک استقبال

   

تین دن میں 70 صنعتی وفود اور نمائندوں سے ملاقات پروگرام میں شامل
حیدرآباد 15 جنوری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آج ڈاؤس پہونچ گئے ۔ ریونت ریڈی اتوار کی رات دیر گئے نئی دہلی سے ڈاؤس کیلئے روانہ ہوگئے تھے ۔ ریونت ریڈی کو تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی اور ان کے چیف منسٹر بننے کے فوری بعد ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ دیا گیا تھا ۔ ریونت ریڈی ورلڈ اکنامک فورم کے 54 ویںسالانہ اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جس کا آج آغاز ہوا ۔ یہ کانفرنس جمعہ تک جاری رہے گی ۔ ورلڈ اکنامک فورم تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف کروانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ اس کے علاوہ اس کانفرنس میں شرکت کے ذریعہ ریاست کیلئے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری حاصل کی جاسکتی ہے ۔ اپنے مصروف ترین دورہ کے موقع پر چیف منسٹر اور وزیر صنعت تین دن میں تقریبا 70 صنعتی نمائندوں اور وفود سے ملاقات کریں گے ۔ اس بات کی کوشش کی جائے گی ریاست کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ حاصل کیا جاسکے ۔ ڈاؤنس روانگی سے قبل وزیر صنعت سریدھر بابو نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ یہ دورہ زیادہ سے زیادہ کامیاب ہوسکے اور زیادہ سے زیادہ کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری ممکن ہوسکے ۔ فورم کی جانب سے ریونت ریڈی کو ورلڈ اکنامک فورم کانگریس سنٹر میں خطاب کیلئے بھی مدعو کیا گیا ہے اور وہاں وہ نگہداشت صحت کے شعبہ پر ہونے والے پیانل مباحثہ میں بھی ریاستی حکومت کی نمائندگی کریں گے ۔ ریونت ریڈی ورلڈ اکنامک فورم کے ’’ فوڈ سسٹمس اینڈ لوکل ایکشن ‘‘ اجلاس میں بھی شرکت کرتے ہوئے زرعی شعبہ سے مربوط معیشت پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر اظہار خیال کریں گے ۔ ڈاؤس میں لگاتار مصروفیت کے بعد چیف منسٹر لندن روانہ ہونگے ۔ وہاں بھی ہندوستانی برادری سے ملاقات کے علاوہ کچھ سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی ۔