چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 مارچ کو اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین تقسیم کریں گے

   

حکومت سے اقلیتوں میں خود روزگار کی فراہمی کیلئے 25 کروڑ منظور ، عبداللہ کوتوال کا اعلان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فبروری ( سیاست نیوز ) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبداللہ کوتوال نے بتایا کہ اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین تقسیم کرنے کی اسکیم کا چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 مارچ کو ونپرتی میں افتتاح کریں گے ۔ اقلیتی افراد کو خود روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت نے 25 کروڑ روپئے منظور کیا ہے ۔ 5 ہزار افراد میں فی کس 50 ہزار روپئے تقسیم کئے جائینگے ۔ عبداللہ کوتوال نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ اقلیتی خواتین میں 40 ہزار سلوائی مشینس تقسیم کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ پہلے مرحلے میں جن اضلاع میں انتخابی ضوابطہ اخلاق نافذ العمل نہیں ہے اُن اضلاع میں 11 ہزار سلوائی مشین تقسیم کئے جائینگے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 2 مارچ کو اس اسکیم کا ونپرتی میں افتتاح کریں گے ۔ انتخابی ضوابطہ اخلاق ختم ہونے کے بعد ماباقی اضلاع میں مزید 29 ہزار سلوائی مشین تقسیم کئے جائینگے ۔ اقلیتی خواتین میں سلوائی مشین تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہیگا ۔ صدرنشین کارپوریشن نے کہا کہ اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے کیلئے حکومت نے کارپوریشن کو 25 کروڑ روپئے منظور کیا ہے ۔ جس کیلئے وہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ مارچ میں 5 ہزار اقلیتوں میں خود روزگار کی فراہمی کیلئے فی کس 50 روپئے مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ عبیداللہ کوتوال نے کہا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کی غربت دور کرنے اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ اُسی سلسلے میں یہ ایک حصہ ہے اس کے علاوہ اقلیتی لڑکے و لڑکیوں کو مختلف کورسس کی شہر اور اضلاع میں مفت تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے ان کورسس کو مارکٹ کے ڈیمانڈ کے مطابق ایڈوانسڈ بنانے کے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ خانہ بدوش و دیگر اقلیتی طبقات کو بھی روزگار کی فراہمی کیلئے علحدہ طور پر 5 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں اس کی بھی مارچ میں خصوصی منصوبہ بندی تیار کی جائیگی ۔ آن لائن میں درخواستیں قبول کرتے ہوئے شفاف طریقہ سے اہل افراد کا انتخاب کیا جائیگا ۔ درمیانی افراد کا کوئی رول نہیں رہیگا ۔ 2