چیف منسٹر نے مرکز کو جھنجھوڑنے کا ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کو مشورہ دیا

   

پانچ دن کے احتجاج پر اطمینان کا اظہار کیا، زیرالتواء فنڈز کی اجرائی کیلئے سخت موقف اپنانے پر زور دیا

حیدرآباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے دھان کی خریدی اور زیرالتواء فنڈز کی اجرائی کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کو جاری رکھنے کی ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پرگتی بھون میں آج ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا، وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا۔ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اختیار کردہ موقف پر اطمینان کا اظہارکیا۔ پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کو جاری رکھنے دھان کی خریدی کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے دوسرے اہم موضوعات بالخصوص زیرالتواء فنڈز کی اجرائی کے علاوہ دوسرے موضوعات پر سخت گیر موقف کو اپناتے ہوئے مرکزی حکومت کو جھنجھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کے پیش کردہ موقف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے اپنے احتجاج اور مرکزی وزیر پیوش گوئل کے ردعمل کے بارے میں چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ ارکان پارلیمنٹ نے بتایا کہ انہیں احتجاج میں بیشتر اپوزیشن جماعتیں ٹی ایم سی، بی جے ڈی، کانگریس، ڈی ایم کے، ایس پی، بی ایس پی کے بشمول دوسری جماعتوں سے مکمل تعاون حاصل ہوا ہے۔ن