چیف منسٹر نے پارٹی امیدوار ایس سجاتا کو بی فارم حوالے کیا

,

   

حیدرآباد۔سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے سی آر نے دوباک اسمبلی حلقہ ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی امیدوار ایس سجاتا کو بی فارم حوالے کردیا اور ان کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آج شام ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ ، ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی، پارٹی کے سینئر قائدین بی وینکیا اور راج مولی کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ حیدرآباد پہنچ کر ایس سجاتا نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور ضمنی انتخاب کیلئے انہیں امیدوار بنانے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں پارٹی کیلئے اور عوام کیلئے اپنے آپ کو وقف کردینے کا مشورہ دیا اور ضمنی انتخاب کے دوران عوام کے درمیان میں پہنچ کر حکومت کی فلاحی اسکیمات ، ترقیاتی و تعمیری کاموں کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے آنجہانی شوہر ایس رام لنگا ریڈی کی خدمات سے عوام کو واقف کرانے اور مستقبل میں انجام دیئے جانے والے کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ووٹ طلب کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی ہے کہ ایس سجاتا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتے ہوئے اسمبلی میں قدم رکھیں گی۔ دوباک کو سدی پیٹ کے طرز پر ترقی دینے کا چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو یقین دلایا۔