چیف منسٹر نے کسی وعدے پر عمل نہیں کیا: اتم کمار ریڈی

,

   

Ferty9 Clinic

مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو زبردست اکثریت حاصل ہوگی ،صدر ٹی پی سی سی کا ادعا
حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان نلگنڈہ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ عوام سے کئے ہوئے وعدوں اور تیقنات پر عمل آوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں اور کہاکہ انتخابات کے موقع پر کے سی آر کی جانب سے دیئے گئے تیقنات میں ایک لاکھ روپئے قرض رقومات معاف کرنے، بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بے روزگاری بھتہ فراہم کرنے، وظیفہ کی رقم میں اضافہ کرکے جاری کرنے اور رعیتو بندھو اسکیمات کے منجملہ کسی ایک اسکیم و وعدے پر عمل آوری نہیں کرسکے۔ انہوں نے آج اپنے حلقہ لوک سبھا میں منعقدہ کانگریس پارٹی قائدین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی زیرقیادت ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دریافت کیاکہ آیا ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں کے دوران منعقد ہونے والے مجوزہ بلدی انتخابات کے موقع پر کس بنیاد پر عوام سے ووٹ پوچھے گی؟ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست میں منعقد ہوئے والے مجوزہ بلدی انتخابات کے تعلق سے کہاکہ ان بلدی انتخابات میں کانگریس کو زبردست اکثریت حاصل ہوگی اور ساتھ ہی اس بات کا اعلان بھی کیاکہ ان کے آبائی مقام حضور نگر حلقہ اسمبلی کیلئے آئندہ دنوں کے دوران منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ علاوہ انہوں نے کانگریس قائدین و کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مجوزہ بلدی انتخابات اور حلقہ اسمبلی حضور نگر کے ضمنی انتخابات میں ایک پابند ڈسپلین سپاہی کی طرح کام کرکے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے اقدامات کریں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں 4 لوک سبھا حلقہ جات پر کامیابی حاصل کرکے بی جے پی ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل تصور کرلینا اور ریاست میں کانگریس کا موقف بالکلیہ طور پر کمزور ہوجانے کا بی جے پی قائدین کا اظہار انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے قیاس آرائی کی کہ گزشتہ عرصہ کے دوران منعقدہ بلدی انتخابات میں بی جے پی نے جتنی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، آئندہ دنوں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات میں بی جے پی کو اتنی نشستوں پر بھی کامیابی حاصل نہیں ہوسکے گی۔