ودیشا: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج ودیشا ضلع میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا۔ چوہان نے گنج بسودا کے سنجے گاندھی اسمرتی کالج کیمپس میں ہیلی کاپٹر سے اتر کر راحت کیمپوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے سرودا سمیت دیگر گاؤوں میں سیلاب متاثرین سے بات چیت کرکے ضلع انتظامیہ کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔دوسری طرف ودیشا ضلع میں آج فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹر 53 گاؤوں کے لوگوں کو ایئر لفٹ کرکے محفوظ مقامات پر پہنچائیں گے ۔ مسلسل موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے ضلع میں حالات بہت خراب ہیں۔ بیتوا ندی کا پانی شہری علاقوں میں داخل ہو گیا۔ شہری علاقوں میں بھی کئی مقامات پر مکانات کی تقریباً ایک منزل زیر آب آگئی ہے ۔آج صبح سے ودیشا شہر کے ایک درجن سے زیادہ لوگوں کو چھتوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر بھیج دیا گیا ہے ۔ ضلع کے تقریباً 100 گاؤوں میں سیلابی کی صورتحال ہے ۔ضلع میں بڑی تعداد میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ کئی گاؤں کے زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں۔کمپنی کمانڈر ہوم گارڈ ودیشا، ششی دھر پلئی نے کہا کہ ان کی ٹیم رات تقریباً دو بجے تک لوگوں کو محفوظ طریقے سے نکالتی رہی۔ نولاکھی کے علاقے میں آج صبح ایک بچہ پھنس گیا تھا، اسے بچا لیا گیا ہے ۔