چیف منسٹر کابارش کی صورتحال پر عہدیداروں کیساتھ جائزہ

   

حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نئی دہلی سے حیدرآباد واپس ہوگئے۔ نئی دہلی میں تین روزہ قیام کے دوران چیف منسٹر نے مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کی اور کرشنا اور گوداوری دریاؤں پر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر تنازعہ کی یکسوئی کی خواہش کی۔ مرکز نے دونوں دریاؤں پر تلگو ریاستوں کی جانب سے تعمیر کردہ پراجکٹس کا کنٹرول حاصل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اکٹوبر سے عمل آوری ہوگی لہذا چیف منسٹر اس فیصلہ کو ملتوی کرنے کے حق میں ہیں۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے طلب کردہ چیف منسٹرس کے اجلاس میں شرکت کی جس میں ملک میں بائیں بازو انتہا پسندی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف منسٹر نے اپنے قیام میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیول سپلائیز پیوش گوئل سے پیر کے دن ملاقات کی اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کی جانب سے دھان اور چاول کی خریدی کی نمائندگی کی۔ مختصر مدت میں چیف منسٹر کا یہ دوسرا دورہ دہلی تھا۔ حیدرآباد واپسی کے بعد چیف منسٹر نے شام میں عہدیداروں کے ساتھ ریاست میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی سے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بارش کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کرسکتے ہیں۔ حکومت نے بارش سے متاثرہ اضلاع میں بچاؤ اور راحت کاموں میں ارکان اسمبلی کی شمولیت کیلئے اسمبلی اجلاس کو یکم اکٹوبر تک ملتوی کردیا ہے۔ر