نامزد عہدوں پر تقررات پر غور ہوگا ۔ ملکارجن کھرگے ‘ راہول و پرینکا گاندھی سے ملاقات ہوگی
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 24جون کو دہلی روانہ ہوں گے جہاں پارٹی اعلیٰ کمان سے ملاقات کرکے تلنگانہ پارٹی امور و ریاستی کابینہ میں توسیع پر مشاورت کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق ریاستی کابینہ میں توسیع کے علاوہ نامزد عہدوں پرتقررات پر چیف منسٹر اعلیٰ کمان سے مشاورت کرکے ریاست میں سرگرمیوں سے واقف کروائیں گے۔ تلنگانہ میںحکومت سے عام انتخابات سے قبل جن نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے نام منظر عام پر لائے گئے تھے لیکن احکام جاری نہیں کئے گئے تھے اس میں تبدیلی کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور ریونت ریڈی پر دیگر وزراء اور پارٹی قائدین سے ان کے حامیوں کو عہدے دینے دباؤ ڈالا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر دورہ دہلی کے دوران پارٹی صدر ملکارجن کھرگے ‘ راہول گاندھی کے علاوہ پرینکا گاندھی سے ملاقات کرکے زرعی شعبہ اور کسانوں کے حق میں ریاستی کابینہ کے فیصلوں سے واقف کروانے کے علاوہ کابینہ کی توسیع پر مشاورت کریں گے۔ علاوہ ازیں بی آر ایس سے مستعفی ہونے کے بعد کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار بی آر ایس ارکان اسمبلی کی شمولیت پر بھی مشاورت کا امکان ہے۔ حکومت نے پارلیمانی انتخابات سے قبل نامزد عہدوں کیلئے جو فہرست تیار کی تھی اس میں تبدیلی پر کہا جا رہاہے کہ پارلیمانی نتائج کے بعد پارٹی قائدین نے اس میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے اسی لئے اعلیٰ کمان سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائیگا۔ چیف منسٹر کے امکانی دورہ دہلی پر کہا جا رہاہے کہ وہ سنگارینی کالریز کوئلہ کی کانکنی کے معاملہ میں وزیر اعظم رمودی سے ملاقات کیلئے وقت طلب کرسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے کوئلہ کی کانکنی کے فیصلہ اور ہراج کے بعد تلنگانہ میں اپوزیشن کی جانب سے کانگریس کو نشانہ بنایا جانے لگا ہے اور حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے اعلان کیا تھا کہ ضرورت پر حکومت کل جماعتی وفد کے ساتھ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرکے نمائندگی کریگی۔ ذرائع کا کہناہے کہ چیف منسٹر کا دورہ دہلی ریاست میں حکمرانی کو بہتر بنانے کابینہ میں توسیع کے متعلق قطعی فیصلہ کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔3