30 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع، رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے دعوی کیا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا دورۂ امریکہ کامیاب رہا اور تلنگانہ کے لئے 31500 کروڑ کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدات ہوئے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بی آر ایس قائدین الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے 8 ماہ میں 31 ہزار کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کرنا ریونت ریڈی کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی، فارما اور آرٹیفیشل انٹلی جنس سے متعلق نامور اداروں کے ساتھ چیف منسٹر نے معاہدات کئے ہیں اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں حکومت کی جانب سے اراضی الاٹ کی جائے گی۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ 8 ماہ میں دوسری مرتبہ بیرونی دورہ کے ذریعہ ریونت ریڈی نے بین الاقوامی اداروں کے حیدرآباد میں کیمپس کے قیام کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس دور حکومت میں جو قرض حاصل کئے گئے تھے ان کی ادائیگی کے لئے کانگریس حکومت مساعی کررہی ہے۔ ریاست کے کمزور معاشی موقف کے باوجود وسائل میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کرن کمار ریڈی نے بی آر ایس قائدین کا گمراہ کن پروپگنڈہ کا الزام عائد کیا اور سوال کیا کہ 10 سال میں بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کی تفصیلات عوام میں پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے افراد خاندان کو غیر ضروری تنازعہ میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ اور جن کمپنیوں سے معاہدات کئے گئے ان سے چیف منسٹر کے افراد خاندان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ 8 ماہ کی مختصر مدت میں حکومت پر الزام تراشی کرنے والے قائدین اپنے 10 سالہ دور حکومت کی ناکامیوں کا احتساب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے خوشحال تلنگانہ ریاست کو مقروض ریاست میں تبدیل کردیا تھا۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے ذریعہ ریونت ریڈی نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز کردیا ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے جاب کیلنڈر جاری کیا گیا جس کے تحت مرحلہ وار طور پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر کے ٹی راما راؤ نے ابتداء میں چیف منسٹر کے بیرونی دورہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا لیکن بی آر ایس قائدین نے گمراہ کن پروپگنڈہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشور اور دیگر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی گئیں جس کی جانچ کی جارہی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے بتایا کہ 19 یادداشت مفاہمت پر چیف منسٹر نے دستخط کئے ہیں جن کے تحت 31500 کروڑ کی سرمایہ کاری اور 30750 روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کویتا کی ضمانت کے لئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے نئی دہلی میں بی جے پی قائدین سے خفیہ بات چیت کی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ دوبارہ ترقی کی راہ پر گامز ہوگا اور ریاست کے وسائل میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ الزام تراشی کے ذریعہ سرمایہ کاری کے امکانات کو متاثر کرنے کی کوشش نہ کریں۔ 1