جاریہ غیر یقینی صورتحال میں اقتدا ر پر برقرار رہنا عہدہ کے بیجا استعمال کے مترادف: کمارا سوامی
بنگلورو۔12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے ایک ایسے وقت جب ان کی حکومت سنگین بحران کے دہانے پر پہنچ چکی ہے آج اعلان کیا کہ وہ خط اعتماد حاصل کریں گے اور اس مقصد سے انہوں نے اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش کمار سے وقت طلب کیا ہے۔ پریشانیوں میں گھرے ہوئے چیف منسٹر کمارا سوامی نے اسمبلی میں یہ حیرت انگیز بیان دیا ۔ اسمبلی کا 11 روزہ سیشن حکمران اتحاد کے 16 ارکان اسمبلی کے استعفوں سے پس منظر میں شروع ہوا ہے۔ ان استعفوں کے سبب ان کی حکومت کی بقاء کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ تاہم اپوزیشن بی جے پی نے متوفی ارکان اسمبلی کو خراج عقیدت ادا کرنے کے دوران چیف منسٹر کی طرف سے اس مسئلہ کو اٹھائے جانے پر اعتراض کیا۔ ان 16 ارکان اسمبلی میں 13 کانگریس اور تین کا تعلق جے ڈی ایس سے ہے۔ ان کے بعد دو آزاد ارکان اسمبلی نے جنہیں حال ہی میں وزیر بنایا گیا تھا استعفیٰ دے دیا اور حکومت کی تائید سے دستبردار ہوگئے۔ میرے نظریہ میں آج وقوع پذیر ہونے والے حالات کے مطابق میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مجھے تحریک اعتماد پیش کرنا چاہئے۔ میں آپ سے وقت لینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا ہی موقع ہے مجھے ایسا کہنا پڑرہا ہے۔ میں اس وقت عہدہ پر برقرار رہ سکتا ہوں جب مجھے ایوان کا اعتماد حاصل رہے۔ اس تناظر میں اس مقام پر بیٹھ کر اپنے عہدے کا بے جا استعمال کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر خط اعتماد لینے کا فیصلہ کئے ہیں۔
کمارا سوامی نے کہا کہ جاریہ سیاسی تبدیلیوں کے درمیان چند ارکان کے اقدامات کے سبب یہ الجھن پیدا ہوئی ہے میں ہر بات کے لیے تیار ہوں۔ میں اقتدار سے چمٹا رہنا نہیں چاہتا۔ حکمران اتحاد کے ارکان کی تعداد اسپیکر کے علاوہ 116 ہے جن میں کانگریس کے 78 اور جے ڈی (ایس) کے 77 اور بی ایس پی کا ایک رکن شامل ہے۔ اس طرح دو دن قبل وزارت سے مستعفی دو آزاد ارکان کی تائید کے ساتھ 224 رکن اسمبلی میں بی جے پی ارکان کی تعداد 107 ہے۔ جہاں اکثریت کے لیے 113 ارکان درکار ہیں۔ اگر 16 ارکان اسمبلی کے استعفے قبول کئے جاتے ہیں تو کانگریس جے ڈی (ایس) اتحاد کے ارکان کی تعداد 100 تک گھٹ جائے گی۔ ان تبدیلیوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر کے ایس ایشوریا نے کہا کہ جمعہ کے سیشن کا مطالبہ متوفی ارکان کو خراج عقیدت ادا کرنا تھا لیکن چیف منسٹر نے اس موقع کو خط اعتماد حاصل کرنے کے سوال پر اظہار خیال کے لیے استعمال کیا۔ چیف منسٹر کو متوفی ارکان کو خراج ادا کرنے کے بعد بھی اظہار کرنا چاہئے تھا۔ اسپیکر آج تین ارکان آنندسنگھ، پرتاپ گوڑا پاٹل اور نارائنا گوڑا کے بارے میں ایوان میں سماعت کرنے والے تھے۔ لیکن ان میں سے دو ارکان سپریم کورٹ سے رجوع ہوچکے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ ان ارکان کی اسمبلی میں موجودگی کی صورت میں وہ ان کے بیان کی سماعت کریں گے۔