حیدرآباد۔19۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی خوشگوار ملاقات سے قومی قائدین بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ کھمم ضلع کلکٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر کل چیف منسٹر کے سی آر قومی قائدین اروند کجریوال ، بھگونت مان، پی وجین ،ڈی راجہ اور اکھلیش یادو کے ہمراہ کھمم پہنچے تھے۔ مقامی رکن اسمبلی کی حیثیت سے بھٹی وکرمارکا تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر بھٹی وکرمارکا نے عوامی مسائل پر چیف منسٹر کے سی آر کو یادداشت حوالے کی ۔ کے سی آر نے بھٹی وکرمارکا کا قومی قائدین سے تعارف کرایا اور کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کو اپوزیشن کی مکمل تائید حاصل ہے۔ عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بھٹی وکرماکا اسمبلی اور باہر عوامی مسائل پر حکومت کی توجہ پر مبذول کراتے ہیں۔ چیف منسٹر اور اپوزیشن لیڈر کی خوشگوار ملاقات کو دیکھ کر قومی قائدین نے مسرت کا اظہار کیا ۔ بھٹی وکرمارکا سے قومی قائدین سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے متحدہ کھمم ضلع میں عوام کو درپیش مسائل پر چیف منسٹر کو یادداشت حوالے کی۔ ضلع کے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ، ان میں جنگلاتی اراضی کا تحفظ، غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات ، امکنہ اراضی کی فراہمی ، سنگارینی کالریز کو خانگیانے کی مخالفت متحدہ ضلع میں یونیورسٹی کا قیام اور دھرانی پورٹل سے عوام کو مشکلات جیسے مسائل شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ر