چیف منسٹر کی ریاستی وزراء سے بات چیت، اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا جواب دینے کی ہدایت

   

امریکہ میں معاہدات کی تفصیل بیان کی، وزراء نے کامیاب دورہ پر مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔ 12 (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے دورہ سے تلنگانہ میں نہ صرف سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ نوجوانوںکے لئے روزگار کے امکانات پیدا ہوں گے۔ چیف منسٹر کی دورہ امریکہ کی تکمیل اور جنوبی کوریا روانگی پر کئی ریاستی وزراء نے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ جنوبی کوریا پہنچنے کے بعد چیف منسٹر نے معمول کے مطابق وزراء سے ربط قائم کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کے بارے میں بات چیت کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ بیرونی دورہ کے بارے میں اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے عوام میں غلط فہمیوں کا ازالہ کریں۔ انہوں نے حکومت اور پارٹی کی سطح پر سوشل میڈیا میں دورہ امریکہ کی کامیابی کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے وزراء سے کہا کہ وہ ارکان اسمبلی کے ذریعہ دورہ امریکہ کی کامیابی کے بارے میں تفصیلات عوام تک پہنچانے کی مساعی کریں۔ چیف منسٹر نے وزراء کو بتایا کہ امریکہ میں 50 سے زائد بزنس میٹنگس کا اہتمام کیا گیا اور تین راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد ہوئے۔ چیف منسٹر اور ان کی ٹیم نے کئی بین الاقوامی اداروں کے کیمپس کا دورہ کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 19 معاہدات اور یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت 31500 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ 30750 افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اداروں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چیف منسٹر کے مطابق جنوبی کوریا میں قیام کے دوران کئی بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ معاہدات کا امکان ہے۔ چیف منسٹر نے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ وعدوں کے تکمیل سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد وہ کسانوں کے 2 لاکھ روپے تک قرض معافی کے تیسرے مرحلہ کا آغاز کریں گے تاکہ وعدے کے مطابق 15 اگست تک 2 لاکھ روپے تک قرض کی معافی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ریاستی وزراء نے چیف منسٹر کو تازہ ترین صورتحال سے واقف کرایا۔ واضح رہے کہ دورہ امریکہ کی تکمیل کے بعد چیف سکریٹری شانتی کماری حیدرآباد واپس ہوگئیں تاکہ یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کو قطعیت دے سکیں۔ 1