چیف منسٹر کی قیامگاہ پر گتی بھون پر احتجاج،دو یوتھ کانگریس قائدین گرفتار

,

   

حیدرآباد۔ چیف منسٹر تلنگانہ کی قیامگاہ پرگتی بھون کے باب الداخلہ پر اچانک احتجاج کرنے والے دو یوتھ کانگریس لیڈرس کو حیدرآباد کی ٹاسک فورس پولیس نے رچہ کنڈہ علاقہ سے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹلہ سائی بابا اور کوٹلہ لڈو نے آج شام پرگتی بھون کے عقبی باب الداخلہ پر پہنچ کر اپنے ہاتھ میں تھامے ہوئے پلے کارڈ کے ذریعہ احتجاج کیا جس میں کہا گیا کہ چیف منسٹر کہاں ہیں اور ان کے تعلق سے تفصیلات حاصل کرنا ان کا حق ہے۔ دونوں یوتھ کانگریس لیڈرس کے اچانک احتجاج کے بعد وہ موٹر سیکل پر غائب ہوگئے اور وہاں موجود پولیس عملہ انہیں حراست میں لینے میں ناکام رہا۔ ٹاسک فورس پولیس نے یوتھ کانگریس لیڈرس کا سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ پتہ لگایا اور بی این ریڈی نگر میں واقع ان کے مکان پر دھاوا کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد یوتھ کانگریس لیڈر کے والد کوٹلہ سرینواس جو سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ پرامن طور پر احتجاج درج کرنے کے باوجود بھی پولیس ان کے گھر میں جبراً داخل ہوکر دہشت گردوں جیسا سلوک کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر اچانک لاپتہ ہونے اور ان کا پتہ نہ چلنے کی صورت میں ریاست کی عوام تشویش کا شکار ہے اور کانگریس پارٹی بھی اس سلسلہ میں مسلسل احتجاج کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار کانگریس لیڈروں کو پنجہ گٹہ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔