چیف منسٹر کی وزیراعظم کے پروگرامس سے دوری ، عملاً اظہار ناراضگی

   

سیاسی حلقوں میں موضوع بحث ، چیف منسٹر کے دفتر نے کے سی آر کی صحت ناساز ہونے کی اطلاع دی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف اعلان جنگ کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورے حیدرآباد سے اپنے آپ کو دور رکھتے ہوئے عملاً ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ تلنگانہ سے دھان نہ خریدنے پر چیف منسٹر نے مرکزی حکومت کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا اور حیدرآباد میں احتجاجی دھرنے کا بھی اہتمام کیا ۔ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے وہ دہلی پہونچے اور تین دن تک دہلی میں قیام کرنے کے بعد انہیں وزیراعظم سے ملاقات کا وقت نہیں ملا ۔ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرے بغیر حیدرآباد لوٹنے والے کے سی آر قومی سطح پر بی جے پی اور کانگریس کا متبادل فرنٹ تیار کرنے کے لیے مشاورت کا بھی آغاز کیا ۔ پرگتی بھون میں کمیونسٹ جماعتوں کے قومی قائدین سے ملاقات کی ۔ آر جے ڈی کے نوجوان قائد تیجسوی یادو کو حیدرآباد طلب کر کے مشاورت کی ۔ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو نظر انداز کرنے کے خلاف مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ یہاں تک کہ دستور میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کیا ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے قائدین میں لفظی جھڑپ شروع ہوگئی ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بھی ٹی آر ایس نے تلنگانہ سے نا انصافی کا مسئلہ اٹھایا ۔ وزیراعظم کے دورے حیدرآباد کے پیش نظر ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو کو ایرپورٹ پر مودی کا استقبال کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ۔ صبح میں پہلے یہ کہا گیا تھا کہ چیف منسٹر کے سی آر وزیراعظم کے دورے حیدرآباد کے موقع پر ایرپورٹ پہونچ کر خیر مقدم کریں گے اور انہیں دہلی روانہ کرنے تک ان کے ساتھ پروگرامس میں شرکت کریں گے ۔ بعد میں چیف منسٹر دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کی صحت ناساز ہے ۔ اس طرح چیف منسٹر اکریساٹ اور مجسمہ مساوات کی رونمائی پروگرامس میں شریک نہیں ہوئے ۔ چیف منسٹر کی وزیراعظم کے پروگرامس میں شرکت نہ کرنا سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے ۔ ہر طرف اس پر بات چیت ہورہی ہے ۔۔ ن