چیف منسٹر کے خلاف ریونت ریڈی کی شخصی تنقیدیں افسوسناک: سکھیندر ریڈی

   

Ferty9 Clinic

مرکز نے 9 برسوں میں تلنگانہ کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ نے ہر شعبہ میں ترقی کے ذریعہ ملک میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکھیندر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ کے کسی بھی شعبہ میں بحران نہیں دیکھا گیا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام نے جو خواب دیکھا تھا انہیں کے سی آر نے حقیقت میں تبدیل کیا ہے۔ ایسے چیف منسٹر پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کرنا افسوسناک ہے۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان جمہوریت کیلئے نقصاندہ ہے۔ صدر پردیش کانگریس کیلئے حکومت کے خلاف الزام تراشی روزکا معمول بن چکا ہے۔ چیف منسٹر کے خلاف شخصی الزامات عائد کرنا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اسپیکر سے اظہار خیال کیلئے ایک موقع حاصل کرتے ہی حکومت کے خلاف تنقیدیں شروع کی جاتی ہیں۔ صدرنشین کونسل نے کہا کہ کانگریس پر عوام کو کوئی اعتماد نہیں ہے اور آئندہ اقتدار بی آر ایس کا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی حکومت نے 9 برسوں کے دوران تلنگانہ کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی ہے۔ صدرنشین کونسل نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ 40 ہزار سے زائد خاندانوں کو راحت ملی ہے۔