چیف منسٹر کے ذریعہ لڑکی کی نام رکھائی کا خواب 9 سال بعد پورا ہوا

   


پرگتی بھون میں بھوپال پلی کے جوڑے کا استقبال، کے سی آر ان کی شریک حیات نے نام رکھا اور آشیرواد دیا

حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) بھوپال پلی ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو 2013 کے بعد آخر کار چیف منسٹر کے ذریعہ اپنی دختر کی نام رکھائی میں کامیابی ملی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی شریک حیات کے شوبھا نے اس جوڑے کا پرگتی بھون میں استقبال کیا اور انہیں تحائف پیش کئے۔ واضح رہے کہ بھوپال پلی ضلع کے نندی گاما گاؤں سے تعلق رکھنے والے جوڑے سریش اور انیتا کو 2013 میں لڑکی پیدا ہوئی اس جوڑے نے علحدہ تلنگانہ تحریک میں سرگرمی سے حصہ لیا تھا۔ انہوں نے 2013 میں فیصلہ کیا کہ اپنی دختر کا نام تحریک کے قائد اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ذریعہ رکھائیں گے۔ نام رکھائی کے انتظار میں 9 سال گذر گئے لیکن ان کی خواہش کی تکمیل نہیں ہوئی۔ اس جوڑے نے نام کے بغیر ہی دختر کی پرورش کی۔ اس بارے میں اطلاع ملنے پر سابق اسپیکر اور مقامی رکن قانون ساز کونسل مدھو سدھن چاری نے چیف منسٹر کو اس کی اطلاع دی جس پر کے سی آر نے اس جوڑے کو پرگتی بھون لانے کی خواہش کی۔ مدھو سدھن چاری کے ہمراہ یہ جوڑا پرگتی بھون پہنچا جہاں چیف منسٹر اور ان کی شریک حیات نے سریش اور انیتا کے ساتھ ان کی لڑکی کو آشیرواد دیا۔ انہوں نے لڑکی کا نام مہاتی رکھا۔ اپنے گھر آنے پر اس جوڑے کا روایتی انداز میں استقبال کرتے ہوئے چیف منسٹر کی شریک حیات نے انہیں تلک لگایا۔ لڑکی کی تعلیم کیلئے مالی امداد فراہم کی۔ اپنی 9 سالہ دختر کی نام رکھائی چیف منسٹر کے ذریعہ کرانے کا خواب پورا ہونے اور پرگتی بھون میں روایتی انداز میں استقبال اور مہمان نوازی پر اس خاندان نے مسرت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر اور ان کی شریک حیات کی جانب سے لڑکی اور ان کے والدین کو تحائف پیش کئے گئے۔ بھوپال پلی کے اس خاندان کو یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے ساتھ موجود ہیں اور ان کی دختر کو نہ صرف نام ملا بلکہ اس خاندان کو آشیرواد بھی حاصل ہوا۔ر