چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ تحریک میں جناب ظہیرالدین علی خان کے رول کو خراج پیش کیا

   

Ferty9 Clinic

بنڈارودتاتریہ ، محمد محمود علی ، ریونت ریڈی ، محمد علی شبیراور دیگر قائدین کے تعزیتی پیامات
حیدرآباد 7 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیام میں چیف منسٹر نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کا انتقال اردو صحافت کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ چیف منسٹر نے جناب ظہیرالدین علی خان کے ساتھ تلنگانہ تحریک کے دوران اپنی وابستگی کا اظہار کرکے تلنگانہ تحریک کے دوران ان کے اہم رول کی یاد تازہ کی۔ چیف منسٹر نے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کمزور اور غریبوں کے کاز کیلئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اپنے پیام میں کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کے کارنامے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انتقال سے قوم ایک ہمدرد اور اردو دوست سے محروم ہوگئی۔ روزنامہ سیاست کے تحت اردو میڈیم طلبہ کیلئے ہر سال اسکالرشپ اور مطالعاتی مواد کی فراہمی اور کیریئر گائیڈنس میں ان کا اہم رول رہا ۔ مرحوم بلند پایہ صحافی کے ساتھ ماہر تعلیم اور سماجی کارکن تھے۔ قوم و ملت کی ترقی کیلئے ہمیشہ بے چین رہتے۔ دوبدو پروگرام کے بانی اور محرک تھے۔ جناب محمود علی نے تلنگانہ تحریک کے دوران جناب ظہیرالدین علی خان کی غیر معمولی خدمات کا تذکرہ کرکے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ وہ غم میں برابر کے شریک ہیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تعزیتی پیام میں کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال سے سماج غریبوں کے ہمدرد سے محروم ہوگیا۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں جناب ظہیرالدین علی خان کے رول کو یاد کیا۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان غیر معمولی شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی زندگی اقلیتوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے وقف کردی۔ سماجی انصاف کے علاوہ صحافت کو عوام کی آواز بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ ان کے انتقال سے ہر کسی کو صدمہ پہنچا ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال سے مسلمانوں میں جو خلاء پیدا ہوا ، اس کا پر ہونا ممکن نہیں ۔ انہوں نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ صدرنشین تلنگانہ میڈیا اکیڈیمی الم نارائنا نے جناب ظہیرالدین علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کیلئے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ جرنلسٹ ویلفیر فنڈ کے تحت مستحقین کو امداد فراہم کرنے میں میڈیا اکیڈیمی رکن کی حیثیت سے ظہیرالدین علی خان کا رول ہمیشہ یاد رہے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے مشیر برائے آبپاشی امور سریدھر دیشپانڈے نے بتایا کہ این جی اوز کے سابق صدر دیوی پرساد اور وہ آج دن میں تقریباً ایک گھنٹہ جناب ظہیرالدین علی خان کے ساتھ گن پارک یادگار شہیدان میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان چاق و چوبند دکھائی دے رہے تھے اور شام میں انتقال کی خبر نے صدمہ سے دوچار کردیا ۔ وہ بادیدۂ نم ایک سیکولر جمہوریت پسند دانشور سے محرومی پر اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے بھی اظہار تعزیت کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ آج ظہیرالدین علی خان سے ان کی تفصیلی ملاقات رہی اور ریاست کی سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔ ہنمنت راؤ نے جناب زاہد علی خان اور جناب عامر علی خان سے اظہار تعزیت کیا۔ جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے اپنے پیام میں کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کی رحلت ملت اسلامیہ کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وہ ایک سرگرم سماجی شخصیت تھے اور تعلیمی و سماجی شعور کی بیداری میں اہم رول ادا کیا۔ امیر حلقہ جماعت اسلامی تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر نے کہا کہ جناب ظہیرالدین علی خان کی خدمات تعلیمی ، سماجی اور فلاحی شعبوں میں غیر معمولی تھیں جنہیں تادیر یاد رکھا جائے گا۔