چیف منسٹر کے سی آر پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

   

Ferty9 Clinic

کریم نگر میں کانگریس قائد ایم ستیم کی پریس کانفرنس

کریم نگر۔/18 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کالیشورم پراجکٹ کے پانی کو کریم نگر کی ضروریات کی تکمیل کے بعد ہی دیگر مقامات کو لے جانا ہوگا۔ ٹی پی سی سی ترجمان میڈی پلی ستیم نے مطالبہ کیا۔ متحدہ ضلع کی تمام اراضیات کے آخری حصے تک پانی پہنچائے جانے کے بعد یہاں سے آگے کے لئے پانی لے جانے دیا جائے گا۔ وہ آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ گوداوری کے آب سے متحدہ ضلع کی ضروریات کا خیال نہ کرتے ہوئے گجویل، سدی پیٹ، حیدرآباد و دیگر مقامات کو منتقل کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کی سازش کو ہم کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ اس سلسلہ میں عوام اور کسان بھی بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے اور ہر حال میں یہاں کی ضروریات پوری ہوئے بغیر پانی ایک قطرہ بھی لے جانے نہیں دیا جائے گا۔ چپہ ڈنڈی اسمبلی حلقہ سارے کا سارا خشک ہے یہاں کی اراضیات بنجر ہیں جن کی زمینات حاصل کرلی گئیں انہیں مناسب معاوضہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ کسانوں کے قرض کی معافی کا اعلان کرتے ہوئے اب قرض ادا نہ کرنے پر انہوں نے کے سی آر کی وعدہ خلافی کے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے لئے کے سی آر نے اس طرح کے جھوٹے وعدے کئے ہیں۔ رامڑگ منڈل کے 8 مواضعات میں پانی نہ ہونے کی وجکہ سے کسان کافی پریشان ہیں ۔ چپہ ڈنڈی اسمبلی حلقہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہزاروں کسانوں کے ساتھ پدیاترا کرتے ہوئے کریم نگر کلکٹریٹ پہنچ کر گھیراؤ کرنے کا انتباہ دیا۔ کے سی آر عوامی مسائل کی طرف توجہ نہ دیتے ہوئے قبل ازیں کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کے بجائے نت نئے وعدے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرکے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے نت نئے طریقے سے منصوبے تیار کرتے رہتے ہیں اور اپنے ہم نوا افراد خاندان کی بھلائی اور انہیں دولت مند بنانے کی منصوبہ بندی کرتے چلے آرہے ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کا جھوٹا پروپگنڈہ کرنا ان کی عادت بن چکی ہے۔ان کی حکمرانی سے تلنگانہ کے عوام کے دیکھے گئے خواب چکنا چور ہوگئے۔ کے سی آر تلنگانہ کو قرض کے دلدل میں ڈال کر خود مزے لوٹ رہے ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس قائدین پدماکر ریڈی، پریتیال ریڈی ، انجنی گوڑ، ہریش، لکشمی نارائنا انجینلو اور دیگر شریک تھے۔