حیدرآباد ۔16 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تین سال کے وقفہ کے بعد آئندہ ماہ آندھراپردیش کا دورہ کریں گے ۔ تین سال قبل کالیشورم پراجکٹ کے آغاز کے موقع پر چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی کو مدعو کرنے کیلئے کے سی آر وجئے واڑہ پہنچے تھے۔ تین سال کے بعد وہ 14 تا 18 اکتوبر وجئے واڑہ میں منعقد ہونے والی سی پی آئی کی قومی مہا سبھا میں شرکت کیلئے وجئے واڑہ پہنچیں گے۔ مہا سبھا میں کیرالا ، بہار کے چیف منسٹرس کے علاوہ 20 مختلف ممالک کے کمیونسٹ قائدین شرکت کریں گے ۔ 14 تا 18 اکتوبر سی پی آئی مہا سبھا میں غیر بی جے پی ریاستوں کے چیف منسٹرس کو مدعو کیا گیا ہے جن میں تلنگانہ ، کیرالا اور بہار کے علاوہ کانگریس زیر قیادت ریاستوںکے چیف منسٹرس شامل ہیں۔ سی پی آئی کے قومی قائدین شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹرس کو مدعو کریں گے۔ قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف تیسرے متبادل کے قیام میں یہ اجلاس اہمیت کا حامل رہے گا۔ر