کورونا کی صورتحال ‘ لاک ڈاون کے علاوہ ایس ایس سی امتحانات کے مسئلہ پر غور ہوگا
حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 8 جون کو 2 بجے دن ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال ‘ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے علاوہ ایس ایس سی امتحانات کے لائحہ عمل کو قطعیت دینے جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن میں رعایت کے بعد پیدا صورتحال کے علاوہ ریاست میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کا جائزہ لیا جائے گا ۔اجلاس میں وزیر صحت اور وزیر تعلیم کے علاوہ عہدیداروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔یہ اجلاس پرگتی بھون میں منعقد ہوگا ۔ کہا جا رہاہے کہ کورونا وائر س کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکنے کے اقدامات کے علاوہ موجودہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ملک بھر میں 8 جون سے لاک ڈاؤن میں رعایتوں کے اعلان کے بعد چیف منسٹر کی جانب سے 8جون کو جائزہ اجلاس کے سبب اس اجلاس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ ریاستی حکومت اس اجلاس کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی رعایتوں پر از سر نو غور کا اختیار رکھتی ہے اور ریاستی حکومت کو مرکزی حکومت نے ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی صورتحال اور تعداد کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کا اختیار فراہم کیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اس اہم اجلاس میں ایس ایس سی کے ملتوی امتحانات کے سلسلہ میں بھی متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں سے تبادلۂ خیال کے بعد قطعی فیصلہ کریں گے ۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کو بھی اس اجلاس میں مدعو کئے جانے کی اطلاع ہے تاکہ شہر حیدرآباد کے سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت چیف منسٹر کی جانب سے طلب کئے گئے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے بعد لاک ڈاؤن میں مرکز کی رعایات کے متعلق اپنا موقف تیار کرکے اسے نافذ کرے گی۔حکومت ریاست میں کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھنے کے سبب تشویش میں مبتلاء ہے ۔