حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گجویل اسمبلی حلقہ کے بجائے کیا واقعی کاماریڈی سے مقابلہ کریں گے؟۔ یہ سوال سیاسی حلقوں میں اس وقت موضوع بحث بن گیا جب کاماریڈی کے بی آر ایس رکن اسمبلی گمپا گوردھن نے چیف منسٹر کو کاماریڈی سے مقابلہ کی دعوت دی اور کہا کہ کاماریڈی کے عوام چاہتے ہیں کہ چیف منسٹر اس حلقہ سے مقابلہ کریں تاکہ گجویل کی طرح ترقی ہو۔ گمپا گوردھن نے کہا کہ وہ عوام کے مطالبہ اور خواہش کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹر کو کاماریڈی سے مقابلہ کی دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دعوت کے پس پردہ کوئی سیاسی منصوبہ نہیں ہے اور خالص عوام کی خواہش پر یہ اپیل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے آباء و اجداد کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھتے ہیں لہذا کے سی آر کا اس حلقہ سے جذباتی تعلق ہے۔